Aaj Logo

شائع 25 نومبر 2023 04:41pm

اپر دیر: پی ٹی آئی ورکرز کنونشن جانے والوں کا پولیس پر پتھراؤ، جوابی فائرنگ میں ایک شخص زخمی

اپر دیر میں چکیاتن کے مقام پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے ورکرز کنونشن میں جانے والوں اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ہولیس کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا ہے۔

دیربالا میں پی ٹی آئی ورکرز کنونشن میں شرکت کے لیے ہزاروں کی تعداد میں کارکنان صاحب آباد کے مقام پر سجے پنڈال پہنچ رہے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دیربالا میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ضلع میں دفعہ 144 کے باعث پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کر رکھی تھیں، اس دوران چکیاتن کے مقام پر ورکرز کنونشن جانے والوں کے ایک قافلے کو روکنے کی کوشش کی گئی جس پر قافلے میں موجود لوگوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوا۔

جواباً پولیس نے فائرنگ کی اور پتھراؤ کرنے والوں میں شامل ایک شخص زخمی ہوگیا۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ چکیاتن میں عوام کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے ہوائی فائرنگ کی، جس کی زد میں آکر پاتراک سیاسن کا رہائشی پی ٹی آئی کارکن شاہ عالم خان ولد محمد عارف زخمی ہوا، زخمی کارکن کے ٹانگ اور بازو پر زخم آئے جسے اسپتال منتقل کردیا گیا اور علاج جاری ہے۔

پولیس کے مطابق عوام کے پتھراؤ سے پولیس اہلکار شیرین زادہ بیلٹ نمبر 2071 پیشانی چوٹ آنے زخمی ہوا، جسے اسپتال دیر منتقل کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے ”ایکس“ پر جاری اپنے پیغام میں لکھا کہ ’ کہاں ہے الیکشن کمیشن کی لیول پلینگ فیلڈ؟ الیکشن کمیشن ابھی سے بتا دے کہ وہ صرف دھندلی زدہ الیکشن کرنے کی تیاری میں مصروف ہے کیا؟’

انہوں نے مزید لکھا کہ ’عوام ایسے الیکشن کو رد کر دے گی اور اس کی ذمہ داری الیکشن کمیشن اور ان غیر آئینی حکومتوں پر ہی ہوگی۔‘

Read Comments