اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف کا کہنا ہے کہ ہر پروپیگنڈے کا جواب انتخابات ہیں، عوام جس کو منتخب کرے اسےعوام کی نمائندگی کا حق ہے، لوٹوں کو ووٹ نہیں ملتے اور وہ ڈلیور بھی نہیں کرسکتے، بڑے نامور 20 الیکٹیبلز انتخابات میں شکست کا شکار ہوئے۔
آج نیوز کے پروگرام ’روبرو‘ میں خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی اور رہنما پیپلزپارٹی راجہ پرویزاشرف کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ مشکلات سے نبرد آزما رہی ہے، سیاست نمبرز کا گیم ہے اور پیپلزپارٹی نے کراچی میں اچھے نمبرز سے میئر بنایا، عوام جس کو منتخب کرے اسےعوام کی نمائندگی کا حق ہے۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ سندھ میں مسلسل پیپلزپارٹی جیتی آرہی ہے، اس صوبے کے عوام کی تیسری نسل پیپلزپارٹی سے منسلک ہے، ہماری جماعت کو سندھ میں خدمت کا انعام ملا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہر پراپیگنڈے کا جواب الیکشن ہیں، انتخابات میں ہر جماعت اتحاد بنانے کی کوشش کرتی ہے، سندھ میں ہمیشہ پیپلزپارٹی کے خلاف اتحاد بنتے ہیں، لیکن اس کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا۔
پرویز اشرف کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت میں مصنوعی نظام کبھی نہیں چل سکتا، اس باراسٹیبلشمنٹ نےواضح کہا ہے کہ ہم نیوٹرل ہیں، سوشل میڈیا کے دور میں مصنوعی نظام کا چلنا ممکن نہیں، صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات سب کے حق میں ہیں، ایسے انتخابات ہونے چاہیئے جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے، عوام جس کو مینڈیٹ دیں اسے حکومت کرنے کا حق ہونا چاہیئے۔
رہنما پیپلزپارٹی نے یہ بھی کہا کہ ووٹرز کو متوجہ کرنے کے مختلف طریقے ہوتے ہیں، وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو ووٹرز مسترد کر دیں گے، اب سیاست مختلف ہوچکی ہے، ووٹرز میں شعور آچکا ہے، الیکٹبیل وہی ہے جو اپنی جگہ کھڑا ہے اور جو وفادار ہے، بڑے نامور 20 الیکٹیبلز انتخابات میں شکست کا شکار ہوئے، لوٹوں کو ووٹ نہیں ملتے اور وہ ڈلیور بھی نہیں کرسکتے۔