نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر نے خیبر پختونخوا میں سیاسی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں، جب کہ پشاور اور خیبر کے بعد جنوبی اضلاع کا محاذ سر کرنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔
عام انتخابات کے اعلان کے بعد ملک بھر میں سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے، مسلم لیگ ن پنجاب کے بعد بلوچستان اور سندھ میں متعدد رہنماؤں کو اپنی جماعت میں شامل کرچکی ہے، اور اب خیبر پختون خوا میں بھی یہ عمل شروع ہوچکا ہے۔
گزشتہ روز سابق وفاقی وزیر وقار خان نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کی تھی، اور اب مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے خیبرپختونخوا میں سیاسی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔
کیپٹن (ر) صفدر پشاور اور خیبر کے بعد جنوبی اضلاع کا محاذ سر کرنے کی کوشش میں ہیں، جہاں وہ سینٹر وقار خان اور سیف اللہ برادران سے ملاقات کریں گے۔ وہ ڈی آئی خان میں وقارخان اور دوسرے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔
لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے حاجی شاہ جی گل کی رہائش گاہ پر اقبال ظفر جھگڑا اور حاجی شاہ گل آفریدی سےملاقات کی، جہاں انہوں نے الیکشن ٹکٹ بھی تقسیم کیے۔