Aaj Logo

اپ ڈیٹ 23 نومبر 2023 03:11pm

بینک اکاؤنٹس منجمد، وفاقی حکومت کا مونس الہی کو وطن واپس لانے کیلئےانٹرپول سے رابطہ

تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہیٰ کے بیٹے مونس الہی کو وطن واپس لانے کیلئے نگران وفاقی حکومت نے انٹرپول سے رابطہ کرلیا ہے، جب کہ ان کی منجمد ہونے والی جائیداد اور بینک اکاونٹس کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔

سابق وفاقی وزیر مؤنس الٰہی کو وطن واپس لانے کیلئے قانونی عمل کا آغاز ہوگیا ہے، اور نگران وفاقی حکومت نے مونس الٰہی کو وطن واپس لانے کیلئے انٹرپول سے رابطہ کرلیا ہے، اور ان کے تمام مقدمات کی تفصیل انٹرپول حکام سے شیئر کردی گئی ہیں۔

ذرائع وفاقی حکومت نے بتایا کہ مؤنس الہیٰ کو وطن واپس لانے کے لئے ایف آئی اے نے انٹرپول حکام سے رابطے کئے، اور تمام مقدمات کی تفصیل انٹرپول حکام سے شیئر کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما مونس الٰہی کی گرفتاری کیلئے ریڈ نوٹس جاری کروانے کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے۔ ماضی میں مطلوب مجرموں کی پاکستان حوالگی کی مثالیں موجود ہیں

مونس الہیٰ کی پراپرٹیز اور بینک اکاؤنٹس منجمد

تحریک انصاف کے رہنما مونس الٰہی کے خلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں عدالتی حکم پر بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے گئے ہیں۔ جن کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں پنجاب حکومت نے تمام ڈیٹا ایف آئی اے کے حوالے کیا، ایف آئی اے اور وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت سے ڈیٹا مانگا تھا۔

دستاویز کے مطابق مؤنس الہی کے لاہور میں 8 مختلف بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں، ان کے مختلف بینک اکاؤنٹس میں 48 کروڑ 76 لاکھ سے زائد کی رقم آئی، اور انہوں نے ساری رقم ان بینک اکاؤنٹس سے نکلوا لی۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ مونس کے رقم جمع کرانے اور منتقل کرنے میں استعمال ہونے والے بینک اکاؤنٹس منجمدکردیئے، ان کے مختلف بینک اکاؤنٹس منی لانڈرنگ کیلئے استعمال ہوئے ہیں۔

دستاویز کے مطابق مونس الٰہی کی 6 مختلف پراپرٹیز کو بھی منجمد کر دیا گیا ہے، ان کی قصور میں5 اور راولپنڈی میں ایک پراپرٹی کو منجمد کیا گیا، انہوں نے پراپرٹیز منی لانڈرنگ سے بنائی ہیں، اور عدالت کے حکم پر ان کے بینک اکاؤنٹس اور پراپرٹیز کو منجمد کیا گیا ہے۔

Read Comments