نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے واپڈا ٹاؤن میں 5 ویں ماڈل پولیس خدمت مرکز کا افتتاح کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیس خدمت مرکز کا دورہ کیا اور مختلف کاؤنٹرز کا معائنہ کیا۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے خدمت مرکز سے اپنا پاکستانی اور انٹرنیشنل لائسنس بنوایا، انہوں نے دونوں لائسنس کی فیس ادا کی، فنگر پرنٹس لگائے اور تصویر بنوائی۔
محسن نقوی نے واپڈا ٹاؤن خدمت مرکز کو 24 گھنٹے اوپن رکھنے کی ہدایت کی اور انہوں نے پولیس خدمت مرکز میں درخواست گزاروں کے لیے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ بھی لیا۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کاؤنٹرز پر موجود عملے سے گفتگو کی اور انہیں شہریوں کی درخواستیں فوری طور پر نمٹانے کی ہدایت کی۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس خدمت مرکز کے عملے کی یونیفارم کی تعریف بھی کی۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس خدمت مرکز کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس خدمت مرکز پر کرایہ دار رجسٹریشن، کرائم رپورٹ اور ایف آئی آر کی کاپی 24 گھنٹے میں حاصل کی جاسکتی ہے، کریکٹر سرٹیفکیٹ اور ملازمین کی ویریفکیشن پولیس مرکز سے 5 دن میں مہیا کر دی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ سی سی پی او لاہور،کمشنر لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز،سی ٹی اواور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دوسری جانب واپڈا ٹاؤن لاہور میں پولیس خدمت مرکز کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خدمت مرکز سے ایک دن میں 16 ہزار لائسنس جاری کیے گئے، لاہور میں روزانہ کی بنیاد پر 250 کے قریب حادثات ہو رہے ہیں، 18 سال سے کم عمر بچوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ گاڑی نہ چلائیں۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں خدمت مراکز کا نیٹ ورک بڑھائیں گے، پنجاب کے تمام پولیس اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن بھی کی جا رہی ہے، اسموگ کے خاتمے کے لیے مصنوعی بارش کروانے کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ادھر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا جبکہ محسن نقوی نے تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک مینجمنٹ کے لیے مؤثر اقدامات اور منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات دیے۔
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نے والٹن روڈ اور اے ڈی اے نالے کی ری ماڈلنگ، کیولری انڈر پاس اور سینٹر پوائنٹ تا والٹن روڈ سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے پورے والٹن روڈ کا معائنہ کیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک مینجمنٹ کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔
دورے کے دوران دکانیں بند کرانے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے محسن نقوی نے اپنی موجودگی میں بند دکانوں کو کھلوایا۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کیولری انڈر پاس اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کی مختلف تعمراتی سائٹس کا بھی معائنہ کیا اور حکام سے پیشرفت پر بریفنگ لی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ والٹن روڈ کی اپ گریڈیشن و ری ماڈلنگ میگا پراجیکٹ ہے، والٹن روڈ پر 6 مقامات پر کام شروع کیا جا رہا ہے جس پر 9 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی، چیل چوک پر فلائی اوور بھی بنایاجائے گا جس سے ٹریفک کی روانی میں مزید آسانی ہوگی۔
From Lahore