فضائی حدود میں مبینہ اڑن طشتری کی اطلاع ملنے پر بھارتی فضائیہ کے جہازوں میں کلھلبلی مچ گئی۔
بھارتی فضائیہ نے اتوار کو منی پور کے امپھال ہوائی اڈے کے قریب ایک ’نامعلوم فلائنگ آبجیکٹ‘ (یو ایف او) دیکھے جانے کی اطلاع پر دو رافیل لڑاکا طیارے فوراً روانہ کیے۔
اعلیٰ ذرائع نے انڈیا ٹوڈے کو بتایا کہ ہسیمارا ایئر بیس سے لانچ کیے گئے رافیلز کو کچھ بھی نہیں مل سکا۔
پہلا طیارہ ائیربیس پر واپس آیا اور دوسرے کو دوبارہ چیک کرنے کے لیے علاقے کی طرف تعینات کیا گیا، لیکن اس سے بھی کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔
جس کے بعد ہندوستانی فضائیہ کی مشرقی کمان نے کہا کہ اس نے اپنے فضائی دفاعی نظام کو فعال کر دیا ہے۔
ہندوستانی فضائیہ کی مشرقی کمان نے ٹویٹ کیا کہ ’آئی اے ایف نے امپھال ہوائی اڈے سے بصری معلومات کی بنیاد پر اپنے فضائی دفاعی ردعمل کے طریقہ کار کو چالو کیا۔ اس کے بعد وہ چھوٹی چیز نہیں دیکھی گئی‘۔
فضائیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ’یو ایف او شام 4 بجے تک ہوائی اڈے کے مغرب کی طرف کھلی آنکھوں سے دکھائی دے رہا تھا۔‘
اس دوران منی پور کے امپھال میں بیر ٹکندرجیت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پروازوں کی کارروائی کئی گھنٹوں تک روک دی گئی۔