پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کی 18 رکنی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا، ٹیم میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کے 18 رکنی اسکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، عامرجمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابراعظم، فہیم اشرف، حسن علی، امام الحق، خرم شہزاد، میرحمزہ، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نعمان علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
پی سی بی نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے چند جونیئر کھلاڑیوں کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا ہے، ان جونیئر کھلاڑیوں میں عامر جمال، میر حمزہ، صائم ایوب اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
یہ نئے کھلاڑی کون ہیں اور کیسے اس مقام تک پہنچے ہیں، آیے ان تفصیلات پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
27 سالہ آل راؤنڈر عامر جمال کا تعلق میانوالی کے گاؤں کلور شریف سے ہے، دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے اور میڈیم فاسٹ بولر عامر جمال نے یکم ستمبر 2018 کو قائد اعظم ٹرافی 19-2018 میں پاکستان ٹیلی ویژن کی جانب سے کھیل کر اپنے فرسٹ کلاس کرکٹ کیرئیر کا آغاز کیا، انہوں نے 29 فرسٹ کلاس میچز کھیلے ہیں۔
عامر جمال نے 4 انٹرنیشنل ٹی20 میچز کی 3 اننگز میں 21.66 کی اوسط سے 65 رنز بنائے، ان کا سٹرائیک ریٹ 191.17 ہے، ان 4 میچز میں بولنگ کرتے ہوئے انہوں نے صرف ایک وکٹ حاصل کی۔
عامر جمال کو انٹرنیشنل ٹیسٹ یا ایک روزہ میچز میں ابھی تک پاکستان کی نمائندگی کا موقع نہیں ملا۔
21 سالہ آل راؤنڈر صائم ایوب کا تعلق کراچی سے ہے، بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے اور رائٹ آرم میڈیم فاسٹ اور آف بریک بولر صائم ایوب نے 20 فروری 2021 کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے پاکستان سپر لیگ 2021 میں اپنے ٹی 20 کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
صائم ایوب نےاس سیزن کی قائداعظم ٹرافی کے 4 میچز میں 3 سنچریوں کی مدد سے 553 رنز بنائے جس میں فیصل آباد کے خلاف فائنل میں میچ وننگ ڈبل سنچری قابل ذکر تھی۔
انہوں نے اپنی شاندار فارم کو جاری رکھتے ہوئے پاکستان کپ ایک روزہ ٹورنامنٹ میں بھی سب سے زیادہ 397 رنز بنائے اور وہ ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر قرار پائے۔
صائم ایوب نے پاکستان کی جانب سے 8 انٹرنیشنل ٹی20 میچز کھیلے اور 7 اننگز میں 17.57 کی اوسط سے 123 رنز بنائے، ان کا سٹرائیک ریٹ 123 اور بہترین اسکور 49 ہے۔ صائم ایوب نے بھی ابھی تک کوئی انٹرنیشنل ٹیسٹ اور ایک روزہ میچ نہیں کھیلا ہے۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ میر حمزہ بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے میڈیم فاسٹ بولر ہیں جو اس سے قبل 3 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں اور انہوں نے ان میچز کی 6 اننگز میں 132 کی اوسط سے 2 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
میر حمزہ نے 105 فرسٹ کلاس میچز میں 22.34 کی اوسط سے 418 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ٹیسٹ اسکواڈ میں فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے دائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے 23 سالہ فاسٹ بولر خرم شہزاد کو بھی پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے رواں برس قائداعظم ٹرافی میں 20.31 کی اوسط سے سب سے زیادہ 36 وکٹیں حاصل کی تھی اور ایک روزہ ٹورنامنٹ پاکستان کپ میں بھی عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 13 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ پاکستان قومی ٹیسٹ ٹیم اپنے دورہ آسٹریلیا کے دوران 14 دسمبر سے 7 جنوری کے درمیان میزبان ٹیم کے ساتھ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔