Aaj Logo

شائع 20 نومبر 2023 09:49pm

دورہ آسٹریلیا کیلئے 18 رکنی پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان، حارث رؤف دستبردار

قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کے لیے 18 رکنی پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا جبکہ فاسٹ بولر حارث رؤف دورہ آسٹریلیا سے خود دستبردار ہوگئے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران دورہ آسٹریلیا کے لیے 18 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا، جس کی قیادت شان مسعود کے سپرد کی گئی ہے۔

وہاب ریاض نے بتایا کہ سرفراز احمد کو دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کرکٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے، صائم ایوب اور خرم شہـزاد پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب جبکہ میرحمزہ، وسیم جونیئر اور فہیم اشرف نے ٹیسٹ ٹیم میں کم بیک کیا۔

منتخب 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ میں کپتان شان مسعود، بابراعظم، عبداللہ شفیق، امام الحق، حسن علی، فہیم اشرف، ابرار احمد، شاہین آفریدی، عامر جمال، خرم شہزاد، سعود شکیل، سرفراز احمد، میر حمزہ ، محمد رضوان ، وسیم جونیئر ، نعمان علی، صائم ایوب اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔

چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے کہا کہ آسٹریلیا کی چیلنجنگ کنڈیشنز کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹیم منتخب کی گئی ہے۔

وہاب ریاض نے کہا کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی، اب کھلاڑیوں کو روٹیشن پالیسی کے تحت کھلائیں گے، اگر ٹیم ہاری تو بطور چیف سلیکٹر ذمہ داری قبول کروں گا۔

وہاب ریاض نے مزید بتایا کہ فاسٹ بولر حارث رؤف نے خود کو ٹیسٹ کھیلنے سے دستبردار کیا ہے، ہم نے حارث رؤف کو ہر ممکن سہولیات دینے کی کوشش کی اور دورے کے لیے حارث رؤف سے بات ہوئی تھی لیکن حارث نے خود دورے پر جانے سے انکار کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نسیم شاہ اگلے 3 ہفتوں میں بولنگ شروع کرے گا اور محمد حسنین نے ورزش شروع کی ہے ایک سے 2 ہفتوں میں وہ پریکٹس کا آغاز کریں گے۔

وہاب ریاض نے یہ بھی کہا کہ شاہنواز دہانی، شاداب خان، اسامہ میر، عثمان قادر اور محمد نواز کیمپ کوجوائن کریں گے۔

مزید پڑھیں

ٹیم آف دی آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا اعلان، کتنے بھارتی، کتنے پاکستانیشامل

کیا مودی آسٹریلوی کپتان کو ٹرافی دے کر بھاگنکلے؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے استعفیٰ دےدیا

چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ ٹاپ آرڈر میں امام الحق ،عبداللہ شفیق اور شان مسعود پرفارم کررہے ہیں، چار پانچ اسپینر کیمپ میں بلائے ہیں، صاحبزادہ فرحان ٹاپ اسکورر رہے لیکن ابھی اسکواڈ میں جگہ نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حسن علی کی کاؤنٹی سیزن میں اچھی پرفارمنس رہی ہے اور تجربہ بھی ہے، حسن علی جیسا کھلاڑی ہے وہ آسٹریلیا میں پرفامنس دے گا۔

قومی کرکٹرز 22 نومبر کو راولپنڈی میں اکٹھے ہوں گے جہاں 23 سے 28 نومبر تک پنڈی اسٹیڈیم میں کیمپ جاری رہے گا جبکہ قومی اسکواڈ 30 نومبر کو لاہور سے آسٹریلیا روانہ ہوگا۔

دوسری جانب وہاب ریاض نے پاکستان کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر بننے کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 نہ کھیلنے کا اعلان کردیا۔

Read Comments