قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے 190 ملین پاؤنڈ کیس سے متعلق تفتیس کی ہے، عمران خان نیب کے جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔
ذرائع کے مطابق نیب ٹیم کی سربراہی ڈپٹی ڈائریکٹر راحیل اعظم نے کی۔ تفتیش کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی سے مختلف دستاویزات سے متعلق سوالات پوچھے گئے۔ نیب ٹیم پونے 7 گھنٹے تک اڈیالہ جیل موجود رہی۔
نیب ٹیم جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے آج کی تفتیش مکمل کرکےاڈیالہ جیل سے واپس اسلام آباد روانہ ہو گئی۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 21 نومبر تک چیئرمین پی ٹی آئی کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا جس کے بعد نیب کی تحقیقاتی ٹیم یومیہ کی بنیاد پر عمران خان سے اڈیالہ جیل میں تحقیقات کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ نیب ٹیم نے دو روز قبل بھی چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل میں 3 گھنٹے تفتیش کی جس کے بعد پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم بھی اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔
ذرائع کے مطابق نیب کی تحقیقاتی ٹیم آج پھر چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش کے لئے اڈیالہ جیل پہنچ گئی اور 190ملیں پاؤنڈز اسکینڈل کے حوالے سے سوالات کئے۔
دو روز قبل نیب ٹیم کی عمران خان سے تفتیش کے بعد جیل ذرائع کا کہنا تھا کہ نیب ٹیم میں میاں عمر ندیم، کیس افسر آصف منیر اور روح الامین شامل تھے، جنہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی سے 3 گھنٹے تفتیش کی اور واپس روانہ ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ نیب ٹیم کے جیل سے روانہ ہونے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے ان کی لیگل ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ گئی تھی۔