قومی کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے انکشاف کیا ہے کہ معروف پاکستانی کرکٹر محمد یوسف نے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری بلے باز برائن لارا کو اسلام کی دعوت دی جس پر وہ متاثر ہوئے تھے۔
انضمام الحق کا ایک بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ قومی کرکٹرز کی کرکٹ کے ساتھ دعوت تبلیغ کے حوالے سے گفتگو کررہے ہیں۔
سابق چیف سلیکٹر نے کہا کہ کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران محمد یوسف نے برائن لارا کو کھانے پر مدعو کیا اور پروگرام بنایا کہ انہیں دین کی دعوت دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کراچی کے ایک بزرگ شیخ ہاشم نے برائن لارا کو دین کی دعوت دی اور بتایا کہ ہم کس طرح اپنے اللہ کی بات مانتے ہیں، کس طرح حضور اکرم ﷺ کے طریقے پر زندگی گزار رہے ہیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ شیخ ہاشم نے لیجنڈری کرکٹر کو بتایا تھا کہ ہم کس طرح ماں باپ کی خدمت، بیوی کے ساتھ تعلقات، بچوں کی پرورش اور پڑوسیوں کے حقوق ادا کرتے ہیں۔
اپنے انٹرویو میں انضمام الحق کا مزید کہنا تھا کہ برائن لارا نے یہ سُن کر متاثر ہوتے ہوئے کہا کہ واقعی زندگی اسی طرح سے گزارنی چاہیے اور ہماری زندگی اس طرح سے ہونی چاہیے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں انضمام الحق نے یہ بھی بتایا کہ سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے کہا تھا کہ میرا دل چاہتا ہے کہ مولانا کی بات مان لوں مگر تمھیں دیکھ کر رک جاتا ہوں کیونکہ تمھاری زندگی اُس طرح کی نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
انتخابات کے باعث پی ایس ایل کا 9واں ایڈیشن دبئی میں کرانے کیتجویز
اس واقعے کو بنیاد بنا کر انضمام الحق نے محفل میں بیٹھے افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج کل جو دین سے دوری ہے وہ ہماری اور ہمارے لوگوں کی وجہ سے ہے۔