ڈیفنس میں ٹریفک حادثہ میں چھ افراد کی ہلاکت کے بعد گرفتار کم عمر ڈرائیور کی گفتگو منظر عام پر آگئی۔
8ویں جماعت میں زیر تعلیم افنان کا کہنا ہے کہ اپنے تین چار دوستوں کے ساتھ کھانا کھانے جا رہا تھا، گاڑی کی اسپیڈ 110کے قریب تھی کہ اچانک گاڑی سامنے آگئی اور حادثہ ہوگیا۔
گرفتار کم عمر ملزم نے کہا کہ ڈرائیونگ اپنے کزنز سے سیکھی ہے، میرے والد نے مجھے گاڑی لیکر جانے سے منع کیا تھا لیکن میں ضد کرکے گاڑی لیکر چلا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے ڈیفنس فیز 7 میں ایک ہی خاندان کے افراد تیز رفتار ڈرائیور کی غفلت کی بھینٹ چڑھ گئے۔
دو گاڑیوں میں 6 افراد سوار تھے جن کو کم عمر ڈرائیور کی گاڑی نے ٹکر ماری جس سے جاں بحق ہوئے۔
پولیس نے17 سالہ ڈرائیور افنان شفقت کو گرفتار کر کے تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج کرتے ہوئے گاڑی تحویل میں لے لی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم افنان بغیر لائسنس گاڑی چلا رہا تھا۔