ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ اربوں روپے کی کک بیکس وصول کرنے کے کیس میں احتساب عدالت لاہور نے مونس الہی کو اشتہاری قرار دے دیا اور جائیدادیں ضبط کرنے کی کارروائی کا آغاز کردیا۔
لاہور کی احتساب عدالت میں ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ اربوں کی کک بیکس وصول کرنے کا کیس کی سماعت ہوئی۔ جج نسیم احمد نے نیب کی درخواست پر کارروائی کی۔
نیب نے عدالت میں مؤقف اختیار کرتے ہوئے استدعا کی کہ مؤنس الہیٰ گرفتار نہیں ہوئے اور نہ ہی تفتیش جوائن کی، عدالت نے مونس الہی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کررکھے ہیں، عدالت مونس الہیٰ کو اشتہاری قرار دینے کا حکم دے۔
احتساب عدالت نے چوہدری مونس الہٰی کو اشتہاری قرار دے دیا اور ان کی جائیدادوں کا ریکارڈ طلب کرلیا جبکہ عدالت نے جائیدادوں کو قرق کرنے کی کارروائی کا بھی آغاز کردیا۔
یاد رہے کہ چوہدری مونس الہٰی پر ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کک بیکس وصول کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے، نیب لاہور ایک ارب روپے سے زائد کرپشن کی تحقیقات کررہا ہے۔