پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہ دینے میں نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کا کردار ہے۔
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کی صدرِ مملکت عارف علوی کے لیول پلئینگ فیلڈ کے حوالے سے دیے گئے بیان پر تنقید کے معاملے پر تحریک انصاف کے ترجمان نے صدرِ مملکت کے بیانات کو آئین سے متصادم قرار دینے کی مذموم کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔
مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دستور کی معین کردہ مدت گزرنے کے بعد غیرآئینی، غیر قانونی اور غیر اخلاقی طور پر وزارت پر براجمان شخص کو صدرِ مملکت کو آئین کا درس دیتے ہوئے شرم آنی چاہیئے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریک انصاف کو لیول پلئینگ فیلڈ سے مسلسل محروم رکھنے میں نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کا شرمناک کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، تحریک انصاف کو سیاسی اجتماعات کی اجازت سے محروم رکھنے اور قائدین و کارکنان کی جبری گمشدگیوں میں مجرمانہ سہولت کاری کرنے والوں کو آئین کا ذکر کرنا زیب نہیں دیتا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ صدرِ مملکت نے اپنے آئینی اختیارات کے تحت عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے شفاف و منصفانہ انتخاب کا انعقاد یقینی بنانے پر زور دیا ، دستور کا آرٹیکل 41 صدرِ مملکت کو ریاست کے سربراہ کی حیثیت سے تمام شہریوں کے آئینی حقوق کے تحفظ کا پابند بناتا ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق صدرِ مملکت ڈاکٹرعارف علوی پاکستانی تاریخ میں آئین کی روح کے عین مطابق اپنے فرائضِ منصبی سرانجام دینے والے واحد صدر ہیں، اس سے قبل نوز شریف کو دہی بھلے کھلانے اور ججز کو خریدنے کے لیے نوٹوں سے بھرے بریف کیس لے جانے والے مشہور اشخاص کو ریاست کے اہم ترین عہدے پر فائز کرنے کی شرمناک روایت قائم کی گئی۔
پی ٹی آئی کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں شفاف انتخاب کے انعقاد کے واحد کام کے لیے آنے والے نگراں وزیر کی جانب سے ریاست کے سربراہ کے آئینی کردار پر تبصرہ آرائی کسی صورت میں اسے زیب نہیں دیتی، نگراں حکومت صدرِ مملکت کو آئین کا درس دینے کی بجائے ان کی ہدایات کے مطابق اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کوانتخابات سے قبل مساوی حقوق فراہم کرے اور قبل از انتخاب دھاندلی کے مذموم ایجنڈے میں سہولتکاری بند کرے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے خلاف چلائی جانے والی منفی پروپیگینڈا مہم کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے جو آئین و قانون کی پاسداری پر مکمل یقین رکھتی ہے، پی ٹی آئی نے 27 سالہ سیاسی تاریخ میں اپنے قائد کی تعلیمات کی روشنی میں ہمیشہ آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد کی۔
تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ملک کی وہ واحد جماعت ہے جس کی بنیاد قانون کی حکمرانی اور انصاف کے نظریے پر قائم کی گئی، اس کے برعکس ملک کی دیگر سیاسی جماعتیں کسی بھی نظریے یا قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی جدوجہد کے تصور سے مکمل نابلد ہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ تحریک انصاف قائدین و کارکنان خصوصا خواتین کے خلاف جاری بدترین ریاستی جبر و فسطائیت کے باوجود چئیرمین عمران خان کی ہدایات کے مطابق ہمیشہ آئین و قانون کو مقدم رکھا گیا، ملک کی مقبول ترین اور وفاق کی علامت جماعت کے خلاف ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت منفی پراپیگینڈا مہم چلائی جا رہی ہے جو یکسر بے بنیاد اور قابلِ مذمت ہے۔
ترجمان تحریک انصاف کے مطابق ریاستی سرپرستی میں چلائی جانے والی کوئی بھی مہم تحریک انصاف کی عوام میں دن بدن بڑھتی مقبولیت کو کسی طور کم نہیں کر سکتی، پاکستان تحریک انصاف اپنے راستے میں آنے والی تمام تر مشکلات اور مصائب کے باجود قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔