نگراں وفاقی وزیر ثقافت جمال شاہ نے کہا ہے کہ ملک بھرمیں سینما گھروں کی تعداد صرف 150 رہ گئی جن میں عام آدمی جا بھی نہیں پاکستان میں کم ازکم 4 ہزار سینما گھر ہونے چاہئیں۔
نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں جمال شاہ کا کہنا تھا کہ مسلسل زبوں حالی کے بعد اب ملک بھرمیں سینما گھروں کی تعداد صرف 150 رہ گئی، سینما صرف تفریح نہیں ہے بلکہ ایسی طاقت ہے جس کے ذریعے معاشرے کو فنکار ایک پیغام دے سکتے ہیں۔
نگراں وفاقی وزیر ثقافت کا کہنا تھا کہ فردوس جمال سمیت دیگر کچھ علیل فنکاروں کے لیے حکومتی سطح پر کاوشیں کی گئی ہیں مگر وہ اس حکومتی وظیفے کو ٹھیک نہیں سمجھتے اور ان کے خیال میں فن کی خدمت کرنے والے افراد کے لیے ایسا کوئی طریقہ وضع ہونا چاہیے جو انھیں باعزت روزگار کی شکل میں ملتا رہے۔
جمال شاہ کا کہنا تھا کہ ثقافتی ورثے کا درجہ رکھنے والی عمارتوں کے تحفظ کے لیے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔