انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کی رکنیت فوری طور پر معطل کردی اور کہا کہ سری لنکن کرکٹ بطور ممبر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں بری طرح ناکام ہوا۔
آئی سی سی بورڈ نے آج ہونے والے اجلاس میں اس بات کا تعین کیا کہ سری لنکن کرکٹ بطور ممبر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں بری طرح ناکام ہوا ہے، جس پر سری لنکا کرکٹ کی آئی سی سی کی رکنیت فوری طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
آئی سی سی بورڈ کا کہنا ہے کہ سری لنکا کرکٹ خاص طور پر اپنے معاملات کو خود مختار طریقے سے چلانے اور سری لنکا میں کرکٹ کی گورننس، ریگولیشن اور انتظامی امور میں حکومتی مداخلت نہ ہونے کو یقینی بنانے میں ناکام رہا۔
آئی سی سی بورڈ کا کہنا تھا کہ سری لنکا کرکٹ کی معطلی کی شرائط کا فیصلہ آئی سی سی بورڈ مناسب وقت پر کرے گا۔
واضح رہے بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ مینز ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں سری لنکا کی 302 رنز کی شرمناک شکست کے بعد وزیر کھیل نے کرکٹ بورڈ کو برطرف کر دیا تھا۔
تاہم اگلے ہی روز سری لنکا کی ایک عدالت نے کرکٹ بورڈ کو برطرف کرنے کا وزیر کھیل کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ اور مکمل سماعت تک برطرف کیے گئے عہدیداروں کو بحال کر دیا۔
عدالت نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر شمی سلوا کی جانب سے دائر کی گئی بورڈ کو برطرف کرنے اور عبوری کمیٹی تشکیل دینے کے خلاف درخواست منظور کرلی۔
عدالت نے کہا کہ کرکٹ بورڈ کی بحالی دو ہفتوں کے لئے ہے، اس معاملے پر دوبارہ سماعت ہو گی۔