بھارت میں جاری ورلڈ کپ کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو شکست دے کر اپنا سیمی فائنل میں پہنچنے کا راستہ انتہائی آسان کرلیا وہی پاکستان کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
بھارتی شہر بنگلورو میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے 41 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو با آسانی05 وکٹوں سے شکست دے کرسپر فور مرحلے میں پہنچنے کے لیے اپنی راہ ہموار کرلی وہیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے اب مزید مشکلات پیدا ہوگئی ہیں۔
پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا سب سے آسان طریقہ یہی تھا کہ سری لنکا نیوزی لینڈ کو شکست دے لیکن پاکستان شائقین کی خواہش پوری نہ ہوسکی۔
پاکستانی کرکٹ شائقین اب اس کشمکش میں ہیں کہ کیا پاکستان اب بھی سیمی فائنل میں جاسکتا ہے یا نہیں اور اگر جا سکتا ہے تو کیسے؟
بھارت، جنوبی افریقا اور آسٹریلیا پہلے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں جبکہ آخری ٹیم کے لیے نیوزی لینڈ، پاکستان اور افغانستان کے درمیان مقابلہ ہے۔
تینوں ٹیموں کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اپنا آخری میچ جیتنا ضروری ہے وہیں رن ریٹ کا خیال بھی رکھنا ہے۔
پاکستان اور افغانستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اپنا آخری میچ تو جیتنا ضروری ہی تھا تاہم اب کم رن ریٹ کی وجہ سے افغانستان اور پاکستان انتہائی مشکل میں آگئے ہیں۔
نیوزی لینڈ اپنا آخری گروپ میچ جیت کر 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔
افغانستان اور پاکستان 8 ،8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔
افغانستان کو کل جنوبی افریقا اور پاکستان کو ہفتے کو انگلینڈ کا سامنا کرنا ہے۔
نیوزی لینڈ نے آج جیت کے بعد اپنی سیمی فائنل کی راہ ہمورا کرلی جبکہ افغان ٹیم اور گرین شرٹس کا اب آخری میچ میں جیت کے باوجود کم رن ریٹ کی وجہ سے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنا بظاہر ناممکن ہوگیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو اگر سیمی فائنل میں پہنچنا ہے تو اسے انگلینڈ کو 287 رنز کے مارجن سے شکست دینا ہوگی۔
(1) پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف اگر 300 رنز بنائے تو پھر وہ انگلش ٹیم کو 13 رنز پر آؤٹ کرے۔
(2) پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف اگر350 رنز بنائے تو پھر وہ انگلش ٹیم کو 62 رنز پر آؤٹ کرے۔
(3) پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف اگر 400 رنز بنائے تو وہ پھر انگلش ٹیم کو 112 رنز پر آؤٹ کرے۔
(4) پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف اگر 450 رنز بنائے تو پھر وہ انگلش ٹیم کو 161 رنز پر آؤٹ کرے۔
اگر انگلینڈ پہلے بیٹنگ کرے اور پاکستان اسے 50 رنز پر محدود کر دے تو گرین شرٹس کو 2.5 اوورز میں ہدف مکمل کرنا ہوگا جو کہ بظاہر ناممکن نظر آتا ہے۔
دوسری جانب افغانستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے جنوبی افریقا کے خلاف 438 رنز سے کامیابی حاصل کرنا ہوگی جوکہ بظاہر ناممکن ہے۔