Aaj Logo

شائع 09 نومبر 2023 07:53pm

غیرقانونی غیرملکیوں کی واپسی، 2 لاکھ 7 ہزار سے زائد افغانستان جاچکے

پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز تک 2 لاکھ 7 ہزار سے زائد افغانستان واپس جاچکے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند کا کہنا ہے کہ غیر قانونی افراد کی بےدخلی سے کراچی میں کرائم ریٹ میں کمی آئی ہے۔

8 نومبر کو 4 ہزار 119 غیر قانونی افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے، 251 گاڑیوں میں 702 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی۔ اب تک کل 207,758 غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کی اپنے وطن واپسی ہوچکی ہے۔

ملک کے دیگر شہروں کی طرح اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ بھی غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

کراچی میں حاجی کیمپ پر قائم ہولڈنگ کیمپ میں تاحال ایک سو بیاسی افراد موجود ہیں۔ سرکاری طور پر چمن بارڈر بھیجے گئے غیر قانونی افغان باشندوں کے اعداد و شمار بھی جاری کردیئے گئے۔ ابتک پانچ سو چوالیس افراد کو ملک بدر کیا جاچکا ہے۔

کراچی میں ضلعی انتظامیہ کے مطابق حاجی کیمپ میں قائم ہولڈنگ کیمپ میں ایک دو بیاسی افراد میں ستر مرد، تینتیس خواتین اور اناسی بچے شامل ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دو نومبر کو ایک سو بارہ افراد کو چمن بارڈر بھیجا گیا جس میں صرف مرد حضرات موجود تھے۔

دوسرا قافلہ تین نومبر کو روانہ کیا گیا جس میں ایک سو اننچاس افراد موجود تھے۔ قافلے میں چھیالیس مرد، تینتالیس خواتین اور ساٹھ بچے شامل تھے۔

چار نومبر کو تیسرا قافلہ چمن بارڈر روانہ کیا گیا جس میں اٹھاون افراد موجود تھے۔ قافلے میں پچیس مرد، دس خواتین اور تئیس بچے شامل تھے۔

چوتھا قافلہ چھ نومبر کو روانہ کیا گیا جس میں ایک سو بیالیس افراد شامل تھے۔ قافلے میں اڑتالیس مرد، پچاس خواتین اور چوالیس بچے شامل تھے۔

آٹھ نومبر کو تراسی افراد کو روانہ کیا گیا۔ قافلے میں انیس مرد، چودہ خواتین اور پچاس بچے شامل تھے۔

’غیرقانونی افراد کی بےدخلی سے کراچی میں کرائم ریٹ میں کمی آئی‘

ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند نے کہا ہے کہ چھبیس سے ستائیس ہزار افغان شہری رضا کارانہ طور پر ملک سے جاچکے ہیں، غیرقانونی افراد کی بےدخلی سے کراچی میں کرائم ریٹ میں کمی آئی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن کےخلاف آپریشن میں مزید تیزی آئےگی، جب تک ایک بھی غیرقانونی یہاں مقیم ہے، آپریشن جاری رہےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پکڑے گئے افراد کی شناخت کے عمل میں کافی وقت لگ رہا تھا، شناخت کا عمل 12 گھنٹے سے بڑھا کر 24 گھنٹے کردیا گیا ہے۔

خادم رند کے مطابق نادرا کو بہترسہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہیلپ ڈیسک کو 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔

Read Comments