آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 40 ویں میچ میں انگلینڈ نے نیدر لینڈز کو 160 رنز سے شکست دے کر میگا ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 340 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم 38 ویں اوورز میں 179 رنز بناکر کر آؤٹ ہوگئی۔
پونے میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے جونی بیئرسٹو اور ڈیوڈ ملان نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا تاہم انگلش اوپنرز ایک بار پھر ٹیم کو بڑا آغاز دینے میں ناکام رہے تاہم ساتویں اوور میں 48 کے مجموعے پر 15 رنز بنانے والے بیئرسٹو آؤٹ ہوگئے۔
دوسری وکٹ پر ڈیوڈ ملان اور جو روٹ نے 85 رنز کی شراکت کی بدولت ٹیم کا اسکور 133 رنز تک پہنچایا تو جو روٹ 28 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
یہاں بین اسٹوکس وکٹ پر آئے لیکن 139 کے مجموعی اسکور پر انگلینڈ کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا، جارحانہ بلے بازی کرنے والے ڈیوڈ ملان نے 87 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
بین اسٹوکس اسکور کو آگے بڑھاتے رہے لیکن دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔
ہیری بروک 11، جوز بٹلر 5، معین علی 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے تاہم ساتویں وکٹ پر کرس ووکس اور بین اسٹوکس کے درمیان 129 رنز کی شراکت نے اننگز کا نقشہ بدل دیا۔
کرس ووکس 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رنز بناکر 321 کے مجموعے پر میدان بدر ہوگئے۔
بین اسٹوکس 108 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے، ان کی 84 گیندوں پر مشتمل اننگز میں 6 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔
بین اسٹوکس نے سنچری بناکر ایک بین الاقوامی کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانے کا اہم سنگ میل عبور کرلیا۔
اور یوں انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنائے اور نیدرلینڈز کے لیے 340 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔
نیدرلینڈز کی جانب سے باس ڈی لیڈز نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ آرین دت اور لوگن وین بیک نے 2،2 اور پال وین میکرن نے ایک وکٹ لی۔
انگلینڈ کے 340 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش بولرز کے سامنے ڈچ ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔
نیدرلینڈز کے تیجا نیدامانورو 34 گیندوں پر 41 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے، انہوں نے اپنی جارحانہ اننگز میں 3 چھکے اور دو چوکے لگائے لیکن اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلواسکے۔
کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 38، ویسلے بریسی 37 اور سائبرنڈ انجلبریٹ 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ نیدر لینڈز کے چھ بیٹرز ڈبل فگر میں داخل ہوئے بغیر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے علاوہ باسڈی لیڈا 10، میکس او ڈوڈ 5 اور میکارین 4،کولن ایکرمین اور وین ڈر میروی صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ وان بیک 2 اور آریان دت ایک رن بنا سکے۔
اور یوں 340 رنز کے ہدف کے تعاقب نیدر لینڈز کی پوری ٹیم 37.2 اوورز میں 179 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور انگلینڈ نے میچ 160 رنز سے اپنے نام کرلیا۔
انگلینڈ کے بین اسٹوکس کو شاندار سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
انگلینڈ کی جانب سے معین علی اور عادل رشید نے 3،3 وکٹیں لیں جبکہ ڈیوڈ ولی نے 2 اور کرس ووکس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیدرلینڈز پہلے ہی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکے ہیں۔
نیدرلینڈز کے خلاف فتح کے بعد انگلینڈ 4 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دسویں سے ساتویں پوزیشن پر آگیا ہے جس سے اس کے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں کوالیفائی کرنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
ورلڈکپ کے پوائنٹس ٹیبل کو دیکھا جائے تو اس فہرست میں انگلینڈ 8 میچز میں 2 کامیابیوں کے بعد 4 پوائنٹس کے ساتھ 7 ویں نمبر پر ہے جبکہ نیدرلینڈز 8 پوائنٹس کے ساتھ ہی 10 ویں نمبر پر موجود ہے۔
بھارتی شہر پونے میں کھیلے گئے میں انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے خود بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔
ٹاس کے بعد جوز بٹلر کا کہنا تھا کہ اگلے 2 میچز میں کامیابی سمیٹ کر چیمپئنز ٹرافی کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنا چاہتے ہیں۔
انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں ہیں، لیام لیونگسٹن اور مارک ووڈ کی جگہ ہیری بروک اور گس اٹکنسن کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اس موقع پر نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے کہا کہ میچ میں کامیابی حاصل کرنا ہدف ہے، کوشش کریں گے اگلے آئی سی سی ایونٹ کیلئے کوالیفائی کریں۔
انگلش ٹیم میں کپتان جوز بٹلر، جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، بین اسٹوکس، مارک ووڈ، ڈیوڈ ولی، لیام لیونگسٹن، معین علی، کرس ووکس اور عادل رشید شامل ہیں۔
نیدرلینڈز کی ٹیم میں کپتان اسکاٹ ایڈورڈز، میکس او ڈاؤڈ، کولن ایکرمین، باس ڈی لیڈز، ثاقب ذولفقار، سائبرینڈ اینجلبرچٹ، روئیلوف وین ڈیر مروے، لوگن وین بیک، آرین دت اور پال وین میکرن شامل ہیں۔