کرکٹ شائقین ورلڈ کپ کے 39 ویں میچ میں آسٹریلوی بیٹرگلین میکسویل کا ناقابل یقین ’ون مین شو‘ شاید ہی کبھی فراموش کرپائیں جس نے افغانستان سے یقینی فتح چھین لی۔ 201 رنزکی ناقابل شکست اننگزکی بدولت آسٹریلیا نے افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کرسیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
آسٹریلین ٹیم صرف 91 رنز کے مجموعی اسکور پر 7وکٹیں گنوا چکی تھیں لیکن 10 چھکوں اور 21 چوکوں والی میکس ویل کی دھواں دار اننگز نے نہ صرف آسٹریلیا کو فائنل 4 میں پہنچایا بلکہ پاکستانی شائقین کی اُمیدیں بھی زندہ رکھیں۔ آسٹریلیا نے 292 رنز کا ہدف 47 ویں اوورمیں 7 وکٹوں کے نقصان پر پُورا کرلیا۔
گلین میکسویل نے ٹانگ میں تکلیف کے باوجود ایسی اننگز کھیلی جو ان کا نام کرکٹ کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رکھے گی ، اب بات کرتے ہیں پاکستانی ٹیم کی ’اگرمگر‘ سچویشن کی۔ آسٹریلیا کی فتح کے ساتھ ہی اس چکر نے ایک بار پھر پلٹا کھا لیا ہے۔
فائنل 4 میں 3 ٹیمیں بھارت، ساؤتھ افریقہ اورآسٹریلیا جگہ بنا چکی ہیں، چوتھی خوش قسمت ٹیم کون ہوگی؟ اس بات کا فیصلہ ہونے کیلئے نیوزی لینڈ ،پاکستان اور افغانستان کے آخری میچز انتہائی اہم ہیں کیونکہ اب مقابلہ انتہائی سخت ہوچکا ہے۔
نیوزی لینڈ، پاکستان اورافغانستان 8، 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی، پانچویں اورچھٹی پوزیشن پرہیں اور تینوں کا ہی آخری ایک ایک میچ باقی ہے، بالفرض اگر تینوں ٹیمیں ان میچز میں کامیابی حاصل کرلیتی ہیں تو 10، 10 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل تک رسائی کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
فائنل 4 مرحلے تک رسائی کے لیے گرین شرٹس کا آخری ٹاکرا انگلینڈ کے ساتھ ہفتہ 11 نومبر کو ہوگا۔ سری لنکا اور نیوزی لینڈ کا میچ کل 9 نومبر جبکہ جنوبی افریقہ کے ساتھ افغانستان کا آخری میچ جمعہ 10 نومبر کو ہوگا۔
پاکستان کو آگے بڑھنے کیلئے انگلینڈ کیخلاف اپنا آخری میچ کم از کم 130 رنز سے جیتنا ہوگا۔
اچھی بات یہ ہے کہ گرین شرٹس یہ میچ نیوزی لینڈ اور افغانستان کے بعد کھیلیں گے۔ اگر سری لنکا نیوزی لینڈ کو اورجنوبی افریقہ افغانستان کی ٹیموں کو پچھاڑ دے تو پاکستان انگلش ٹیم کے خلاف فتح حاصل کر کے سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔
تاہم نیوزی لینڈ اور افغانستان بھی آخری میچ میں کامیاب ہوئے تو پھر بھارت، ساؤتھ افریقہ اور آسٹریلیا کے علاوہ چوتھی سیمی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پرہوگا۔
میڈیا رپورٹس میں سری لنکا اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش سے متاثر ہونے کے 80 فیصد چانسز ظاہرکیے جارہے ہیں
نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے میچ کے دوران بارش کے 80 فیصد امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں، ایسا ہوا تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا جو کہ پاکستان کے حق میں بہت اچھا ہوگا اور آخری میچ میں کامیابی اسے سیمی فائنل میں پہنچا دے گی۔
سیمی فائنل تک رسائی کی صورت میں بھی شائقین کو دل تھام کر بیٹھنا ہو گا کیونکہ یہ معرکہ بھارت کے ساتھ لڑے جانے کا قوی امکان ہے اور انڈین ٹیم کی موجودہ فارم انہیں ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست بنائے ہوئے ہے۔