متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی، چاہتے ہیں کوئی جماعت فیورٹ نہ ہو۔ پیپلزپارٹی کے رہنما تاج حیدر کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم کا رویہ تعصب پر مبنی ہے۔
آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ نوازشریف سے ملاقات بہت اچھی رہی، پہلے بھی ہمارے کئی معاہدے اور اتحاد ہوئے، سمجھتے ہیں ہماری اہمیت صرف عددی نہیں ہونی چاہئے۔
انھوں نے کہا کہ 6 رکنی کمیٹی بنا رہے ہیں، کمیٹی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے اتفاق رائے طے کرے گی۔ کراچی کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے ایسا قومی ایجنڈا چاہتے ہیں جس میں کراچی سر فہرست ہو۔
شہر قائد کیلئے پانی کے منصوبے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ”کے فور“ کے پیسے کہاں خرچ کیے پتا نہیں، پیپلزپارٹی نے واٹر بورڈ بھی ہم سے لے لیا۔ بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ دانشمندانہ فیصلہ تھا۔
فاروق ستار نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کو 15 سال سے لیول پلیئنگ فیلڈ مل رہی تھی ، ہم حلقہ بندیوں میں گئے تو 2018 کی کچھ غلطیاں درست ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت ملک کیلئے اتفاق رائے ہونا چاہیے، ہر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائےگی۔ ملکی سیاسی میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار ہے اور رہا ہے، چاہتے ہیں کوئی جماعت فیورٹ نہ ہو۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر نے آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کا رویہ تعصب پر مبنی ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) قیادت کی قائد ن لیگ نواز شریف سے ملاقات اور عام انتخابات 2024 ملکر لڑنے کے اعلان پر بات چیت کے دوران ایک سوال کے جواب میں تاج حیدر نے کہا کہ نوازشریف کا نظریہ بھی امیر کو اور امیر کرنے والا ہے، ہم شخصیات پر نہیں نظریات کی بات کرتے ہیں۔