نگراں وزیراعلیٰ سندھ کو وزیر صحت کی گمراہ کن بریفنگ کا پول کھل گیا، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نے مقبول باقر کو بتایا کہ روبوٹک سرجری پیسے کا ضیاع ہے، مزید مشینری درآمد نہیں کی جائے گی۔ تاہم وزیراعلیٰ کراچی میں روبوٹک سرجری دیکھنے ایس آئی یو ٹی پہنچ گئے، وہاں انہیں روبوٹک سرجری کی اہمیت سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
نگراں وزیراعلیٰ مقبول باقر روبوٹک سرجری دیکھنے ایس آئی یو ٹی پہنچے۔
سرجن نے بریفنگ میں بتایا کہ روبوٹک سرجری حکومت سندھ کا بہت بڑا کارنامہ ہے، بھارت میں 100 اور پاکستان میں صرف 8 روبوٹس ہیں۔
ڈاکٹرز نے مزید بتایا کہ سندھ کے کسی نجی اسپتال میں روبوٹک سرجری نہیں ہوتی، کراچی میں یورولاجی کی 1130روبوٹک سرجریاں ہوچکی ہیں۔
جس پر نگراں وزیر اعلیٰ مقبول باقر نے روبوٹک سرجری کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ روبوٹک سرجری کا سسٹم متعارف کرانا حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں نگراں وزیر صحت سندھ سعد خالد نے کہا تھا کہ روبوٹک سرجری پیسے کا ضیاع ہے، مزید مشینری درآمد نہیں کی جائے گی۔
تاہم جب آج مقبول باقر روبوٹک سرجری دیکھنے ایس آئی یو ٹی پہنچے اور ڈاکٹرز کی بریفنگ کے بعد نگراں وزیراعلیٰ سندھ کو صوبائی وزیر صحت کی دی گئی بریفنگ کی حقیقت سامنے آگئی۔
واضح رہے کہ ایس آئی یو ٹی میں روبوٹک سرجری اور تربیتی مرکز کا افتتاح نگراں حکومت سے پہلے گزشتہ پیپلزپارٹی کی حکومت میں 12 فروری کو کیا گیا تھا۔ اس وقت کے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے افتتاح کیا تھا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے کہ سندھ روبوٹک سرجری شروع کرنے والا ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔
انہوں نے صوبے میں جدید ترین سرجیکل سہولت لانے پر ڈاکٹر ادیب رضوی اور ان کی ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے اس طریقہ کار کو منظم کرنے کیلئے ماہر سرجن کی بھی ضرورت ہے۔