اداکارہ و ماڈل ماہرہ خان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ افغان بھائیوں اور بہنوں کی مدد اور حمایت جاری رکھیں کیونکہ وطن واپسی کے وقت انہیں مہربانی کی ضرورت ہے۔
سال 2019 سے یو این ایچ آر میں خیر سگالی سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والی ماہرہ نے انسٹاگرام ہینڈل پر پورے پاکستان کے نام اپنے پیغام میں لکھا کہ، ایسے لوگ ہیں جو اب بھی ہماری مہربانی اور ہمدردی کے محتاج ہیں، جنہیں واپس جانے کی صورت میں خطرات کا سامنا ہے’۔
اداکارہ نے کچھ تصاویر بھی شیئر کیں جن میں انہوں نے یو این ایچ سی آر کے لوگو کی برانڈنگ والی جیکٹ پہن رکھی ہے۔
ماہرہ خان کے مطابق کئی دہائیوں سے ہم نے ضرورت مند افغان بھائیوں اور بہنوں کو تحفظ فراہم کیا ہے۔، ’میں اپنی قوم سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ ان لوگوں کی حمایت جاری رکھیں جنہیں اس کی ضرورت ہے‘۔
اپنے ملک واپس جانے والے غیر قانونی تارکین وطن کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ماہرہ نے کہا کہ ، ’کوئی بھی اپنی مرضی سے اپنا گھر پیچھے نہیں چھوڑتا ہے‘۔
انہوں نے پاکستان کی جانب سے افغان شہریوں کی چاردہائیوں پر محیط مہمان نوازی پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔
ماہرہ خان کا یہ بیان افغانوں اور دیگر غیر قانونی تارکین وطن کو ان کے ممالک میں بے دخل کرنے کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد سامنے آیا ہے ۔
حکومت پاکستان کی جانب سے بےدخلی کے لیے 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی جس کے بعد غیر قانونی مقیم افغان تارکین ملک چھوڑ نے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں کیونکہ حکام انہیں گرفتار کرکے حراستی مراکز میں منتقل کررہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز طورخم سرحد کے ذریعے مجموعی طور پر 6,584 پناہ گزین پاکستان سے روانہ ہوئے۔ ان میں 892 خاندان شامل تھے جن میں 1878 مرد، 1624 خواتین اور 3082 بچے شامل تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے 17 ستمبر کوواپسی کا الٹی میٹم جاری کیے جانے کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر ایک لاکھ 88 ہزار سے زائد افغان مہاجرین ملک چھوڑ چکے ہیں۔