ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر سمیت 4 فوجی جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر نے کی، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا کامیابی سے محاصرہ کیا اور ان کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
دوران آپریشن سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد مارے گئے اور 3 دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
شہداء میں ٹیم لیڈر اسلام آباد کے 43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، لکی مروت کے 31 سالہ نائیک خوشدل خان، چارسدہ کے 27 سالہ نائیک رفیق خان اور مری کے 33 سالہ لانس نائیک عبدالقادر شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
خیبرپختونخوا: 3 مختلف واقعات میں خودکش بمبار سمیت 2 دہشتگرد ہلاک، 3جوان شہید
شمالی و جنوبی وزیرستان میں 2 مختلف جھڑپوں میں 6 دہشتگرد ہلاک، پاک فوجکے 4 جوان شہید
ژوب میں سیکیورٹی فورسز کا خفیہ اطلاع پر آپریشن، 6 دہشت گردہلاک
دوسری جانب ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر سمیت 4 سیکیورٹی اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے اسلام آباد کے 43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، لکی مروت کے 31 سالہ نائیک خوشدل خان، چارسدہ کے 27 سالہ نائیک رفیق خان اور مری کے 33 سالہ لانس نائیک عبدالقادر کی نماز جنازہ پشاورمیں ادا کردی گئی۔
تمام شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا جبکہ نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاورسمیت حاضرسروس افسران وجوانوں، سول حکام اورعوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ترجمان کے مطابق مسلح افواج مادر وطن سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر سمیت 4 جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
آصف زرداری نے نائیک رفیق خان، نائیک خوشدل خان اور لانس نائیک عبدالقادر کی شہادت پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانی رائیگاں ہونے نہیں دے گی۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ دھرتی کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سوات جیسا آپریشن ضروری ہے، دہشت گرد ملک دشمن ہیں ان کا خاتمہ ضروری ہے۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے زخمی جوانوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما اور اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بھی ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر سمیت 4 جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا ہے۔
راجہ پرویز اشریف نے دہشت گروں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہادت کے رتبے پرفائز ہونے والے 4 فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ضلع خیبر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والے 4 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ فوجی جوانوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، پاک فوج کی مؤثر کارروائیاں قابل تعریف ہیں، نفرت اور تقسیم کی سوچ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے دہشت گردوں سے مقابلے میں لیفٹیننٹ کرنل اور 3 فوجی جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، نائیک خوش دل خان، نائیک رفیق خان اور لانس نائیک عبدالقدیر کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
مرتضیٰ سولنگی نے شہداء کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حفاظت کے لئے جان قربان کرنے والے پاک فوج کے جوان قوم کے ہیرو ہیں، شہداء نے اپنے خون سے بہادری اور جرات کی بے مثال تاریخ رقم کی ہے۔
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی وادی تیراہ میں دہشت گردوں کی سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
محسن نقوی نے دہشت گردوں کی سیکیورٹی فورس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، نائیک خوشدل خان، نائیک رفیق خان اور لانس نائیک عبدالقادر نے شہادت کا بلند رتبہ پایا ہے، شہید لیفٹیننٹ کرنل حسن حیدر اور جوانوں نے بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، پوری قوم شہداء کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں، دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم یکسو ہے، شہداء کی لازوال قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اتحاد کی طاقت سے پاک دھرتی سے دہشت گردوں کا ناپاک بوجھ اتار پھینکیں گے۔