سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کی جانب سے ناکام بنائے گئے حالیہ دہشت گرد حملے کے بعد پاک فضائیہ کے میانوالی ایئر بیس کا دورہ کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق دورے کے دوران، ایئر چیف نے دشمنان وطن کو جہنم واصل کرکے دراندازی کی اس بہیمانہ کوشش کو بروقت ناکام بنانے پر پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی غیرمتزلزل پیشہ وارانہ مہارت اور بہادری کو سراہا۔
اس موقع پر چیف آف دی ائیر اسٹاف نے بیس اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے وطن پر جان نچھاور کرنے کے انکے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔ ایئر چیف نے دہشتگرد تنظیموں و انتہاء پسند عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لیئے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی بھرپور آپریشنل تیاریوں پر زور دیا۔
انہوں نے بیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی اور نئے ابھرتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے تناظر میں اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کے پاک فضائیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے پاک فوج کی ضرار کمپنی اور سول قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل جوائنٹ آپریشنز ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے دراندازی کی اس کوشش کو ناکام بنانے کے لیے بروقت مدد فراہم کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا ’موجودہ دفاعی صورتحال ہماری جانب سے غیر متزلزل چوکس رہنے اور ایک بے مثال عزم کی متقاضی ہے، ہم قوم کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیئے پر عزم ہیں۔ پاک فضائیہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔‘
سربراہ پاک فضائیہ کا یہ دورہ پاک فضائیہ کے تمام اہلکاروں سے یکجہتی، اور اس امر کی یقین دہانی کرانے کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ پاک فضائیہ کے اہلکار ملک و قوم کے تحفظ کے لیے اپنے فرض پر ثابت قدم ہیں۔ یہ دورہ پیشہ وارانہ مہارت، بہادری اور لگن کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کے پاک فضائیہ کے غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔