Aaj Logo

شائع 04 نومبر 2023 05:15pm

’سستی شہرت‘ کی ویڈیو وائرل، عرفی جاوید کے خلاف مقدمہ درج

ممبئی پولیس نے سوشل میڈیا انفلوئنسر عرفی جاوید سمیت افراد کے خلاف جعلی ویڈیو بنانے اور شیئر کرنے پر مقدمہ درج کیا ہے۔

وائرل ویڈیو میں پولیس کے یونیفارم میں ملبوس کچھ خواتین عرفی جاوید کو ایک کیفے سے حراست میں لیتے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔

جب عرفی نے ان سے وجہ پوچھی تو مبینہ خاتون پولیس اہلکار کہتی ہیں، ’اِتنے چھوٹے چھوٹے کپڑے کون پہن کر گھومتا ہے؟‘

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد، ممبئی کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) کرشن کانت اپادھیائے نے کسی بھی گرفتاری کی تردید کی ہے۔

بعد ازاں، اوشیوارا پولیس نے عرفی اور ویڈیو میں نظر آنے والے دیگر لوگوں کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 171، 419، 500، اور 34 کے تحت مقدمہ درج کیا۔

ان سیکشنز کا تعلق دھوکہ دہی کے ارادے سے سرکاری ملازم کا لباس استعمال کیا جانا (171)، شخصیت کے ذریعے دھوکہ دینا (419)، ہتک عزت (500)، اور مشترکہ نیت کو آگے بڑھانے کے لیے متعدد افراد کی طرف سے کیے گئے اعمال (34) سے ہے۔

دوسری جانب ممبئی پولیس نے انسٹاگرام پر عرفی کی ویڈیو کے اسکرین شاٹس شئیر کرتے ہوئے لکھا، ’سستی شہرت کے لیے کوئی بھی قانون کی خلاف ورزی نہیں کر سکتا، فحاشی کے معاملے میں ممبئی پولیس کے ہاتھوں مبینہ طور پر گرفتار ہونے والی ایک خاتون کا وائرل ویڈیو درست نہیں ہے - نشان اور وردی کا غلط استعمال کیا گیا ہے۔ تاہم، گمراہ کن ویڈیو میں ملوث افراد کے خلاف اوشیوارہ پولیس اسٹیشن میں دفعہ 171، 419، 500، 34 کے تحت ایک مجرمانہ مقدمہ درج کیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے، جعلی انسپکٹر گرفتار ہے اور گاڑی بھی ضبط کر لی گئی ہے۔‘

یہ پہلا موقع نہیں جب عرفی جاوید کو قانونی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہو۔

دسمبر 2022 میں، ان کے خلاف اندھیری پولیس اسٹیشن میں عوامی مقامات پر مبینہ طور پر غیر قانونی اور فحش حرکات کرنے کی شکایت درج کی گئی تھی۔

یہ شکایت ایڈوکیٹ علی کاشف خان دیش مکھ نے جمع کرائی تھی، جنہوں نے عرفی جاوید پر عوامی مقامات اور سوشل میڈیا پر غیر قانونی اور فحش حرکات کرنے کا الزام لگایا تھا۔

Read Comments