بلوچستان کے ضلع گوادر میں سیکیورٹی فورسز کی 2 گاڑیوں پر دہشت گردوں کے حملے میں 14 فوجی جوان شہید ہوگئے، سیکیورٹی فورسز کی گاڑیاں پسنی سے اورماڑا جارہی تھیں۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم دھشتگردی کے اس ناسور کے خاتمے کیلئے اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 3 نومبر 2023 کو دہشت گردی کا یہ افسوسناک واقعہ ضلع گوارد کے علاقے پسنی سے اورماڑہ جانے والے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے ساتھ پیش آیا، جہاں گھات لگائے دہشت گردوں نے قافلے پر حملہ کردیا جس سے 14 فوجی جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر اپنے پیغام میں ضلع گوادر میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
نگراں وزیرِ اعظم نے حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 14 اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیرِ اعظم نے شہداء کی بلندیِ درجات اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، شہداء نے ملک کی حفاظت کی خاطر اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے، دہشت گردوں کے ایسے بزدلانہ حملے پاکستانی قوم اور اس کے رکھوالوں کے حوصلے کبھی پست نہ کر پائیں گے پوری قوم دہشت گردی کے اس ناسور کے خاتمے کے لیے اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
دوسری جانب نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے گوادر میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔
سرفراز بگٹی نے حملے میں 14 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے بلند درجات کے لیے دعا گو ہیں، پوری قوم شہداء کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہے، جوانوں کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
نگراں وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ہمارے جوان اپنی جانوں پر کھیل کر ملک وقوم کی حفاظت کر رہے ہیں، ملک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے پسنی اورماڑہ کے درمیان سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ پر مامور جوانوں پر حملہ بزدلانہ فعل ہے۔
میر علی ڈومکی نے حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے خاندانوں سے افسوس و تعزیت کا اظہار کیا۔
انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی سازش ہیں، بیش بہا قربانیوں کے بعد بحال ہونے والا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو اپنی سکیورٹی فورسز پر فخر ہے ، پوری قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، عوام اور سیکورٹی فورسز ملکر ملک سے تخریب کاری اور دہشتگردی کو جڑ سے اٹھا پھینکیں گے۔
ادھر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھی بلوچستان کے علاقے اوماڑہ کے قریب سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید جوانوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت کیا ہے۔
محسن نقوی نے شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام ترہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک، ایکسپاہی شہید
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 5 دہشتگرد ہلاک، میجر اورحوالدار شہید
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ شہداء نےوطن عزیزکےامن کیلئےقیمتی جانوں کانذرانہ پیش کیا ہے، شہداء کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، قوم دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے متحد ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان میں پاک فوج پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید 14 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
انہوں کہا کہ دہشت گردوں نے گھات لگا کر بزدلانہ کارروائی کی، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا، پیپلزپارٹی نے ہر دورمیں انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد کی۔
سینیٹر کہدہ بابر بلوچ نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حملے دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔
انھوں نے کہا کہ انشاءاللہ عوام کی حمایت سے فورسز دہشتگردی کا جڑ سے خاتمہ کریں گی، قوم فورسز کے خلاف ایسے حملوں کو مسترد کرچکی۔ قوم کا بچہ بچہ دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔