Aaj Logo

شائع 03 نومبر 2023 07:14pm

منی لانڈرنگ کیس میں مونس الہیٰ کےناقابل ضمانت وارنٹ جاری

خصوصی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما مونس الہیٰ کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ مونس الہیٰ کو گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔

لاہور کی خصوصی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے بیٹے مونس الہیٰ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، جج تنویرشیخ نے سماعت کی۔

عدالت نے آج کی سماعت کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے مونس الہیٰ کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے۔

عدالت نے تحریری حکمنامے میں کہا ہے کہ مونس الہی کے قابل ضمانت وارنٹ پرعملدرآمد نہیں ہوا، ایف آئی اے رپورٹ کے مطابق مونس الہی اسپین کے دئیے گئے پتہ پر موجود نہیں ہیں۔

عدالتی حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ مونس الہیٰ کی گرفتاری کیلئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جاتے ہیں، متعلقہ ایجینسیز اور حکام مونس الہیٰ کی گرفتاری کیلئے ضروری اقدامات کریں، مونس الہیٰ کی لندن اور اسپین رہائش گاہوں پر وارنٹ کی تعمیل کرائیں، اور ملزم کو گرفتار کر کے عدالت پیش کیا جائے۔

تحریری حکمنامے میں یہ بھی حکم دیا گیا ہے کہ 16 نومبر کو پرویز الٰہی کو بھی جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا جائے۔

Read Comments