Aaj Logo

اپ ڈیٹ 02 نومبر 2023 11:03pm

مولانا فضل الرحمان فلسطینیوں کا مؤقف پیش کر رہے ہیں، اسماعیل ہانیہ کا امن و طوفان اقصیٰ مارچ سے خطاب

جمیعت علمائے اسلام کا سندھ امن و طوفان اقصیٰ مارچ کراچی پہنچا تو فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان فلسطینیوں کا مؤقف پیش کر رہے ہیں، امت گواہ ہے کہ ہم طویل جنگ لڑ رہے ہیں۔ اس موقع پر سربراہ جے یو آئی فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے۔

سربراہ حماس اسماعیل ہانیہ نے جے یو آئی کے سندھ امن و طوفان اقصیٰ مارچ سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ کی حمایت دراصل بیت المقدس کی حمایت ہے، فلسطین کی مائیں، بہنیں آپ کی جانب دیکھ رہی ہیں۔

اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ ارض مقدس فلسطین پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، فلسطین کی عورتیں، بچے اور علماء کرام سب جنگ کے میدان میں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ نبی پاک حضرت محمدﷺ کی معراج مسجدالاقصی سے شروع ہوئی، امت گواہ ہے کہ ہم طویل جنگ لڑ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حماس مجاہدین کی تنظیم ہے، فلسطین میں شہید ہونے والےمسلمان بڑا رتبہ حاصل کر رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا خطاب

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے امن و طوفان اقصیٰ مارچ سے خطاب میں کہا کہ آج یہ پیغام دیا گیا ہے کہ ہم پر امن لوگ ہیں، کوئی قوم آزادی کی جنگ لڑے گی تو ہم ساتھ کھڑے ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ آزادی اور حریت انسان کا پیدائشی حق ہے، آج آزادی کی جنگ لڑنے والوں کو دہشت گرد کہا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر کو فلسطین کے مجاہدوں نے اسرائیل پر حملہ کیا، فلسطینی بھائیوں کی آواز پر اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، پورا پاکستان فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان، امریکا کی نہیں عوام کی جاگیر ہے، ہم نے 2018 کے بعد اسرائیلی ایجنٹ کےخلاف جنگ لڑی۔

مصطفیٰ کمال کا خطاب

امن و طوفان اقصیٰ مارچ سے خطاب میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینرمصطفیٰ کمال نے کہا کہ مسلمان کم از کم اس مسئلے پر ایک ہو جائیں، یہ فلسطینیوں کا نہیں ہمارا امتحان ہے۔

انھوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو تو اللہ کی مدد مل جائے گی، ہمارا کیا ہوگا، ہم مرنے کے بعد اللہ کو کیا مںہ دکھائیں گے۔

واضح رہے کہ جمیعت علمائے اسلام کی جانب سے ’امن و طوفان اقصیٰ مارچ‘ کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت جے یو آئی کے رہنما مولانا راشد سومرو نے کی۔

اس سے قبل امن و طوفان اقصیٰ مارچ گگھر پھاٹک پہنچا تو اس کا بھرپوراستقبال کیا گیا۔ اس موقع پر کارکنان سے مختصر خطاب کرتے ہوئے مولانا راشد محمودسومرو کا کہنا تھا کہ سندھ سے پی پی اور سرمایہ داروں کا خاتمہ ہو گیا ہے، عوامی سمندر سے نئی سیاسی لہر پیدا ہوگی۔

راشدسومرو نے کہا کہ امن عوام دشمن قوتوں کے لیے موت کا پیغام ہے، آج کا جلسہ سندھ کے سیاسی منظر نامے کو تبدیل کر دے گا۔

سڑکیں بند کرنے پلان جاری

جے یو آئی کا جلسہ شاہراین قائدین کی جانب بڑھا تو ٹریفک پولیس نے سڑکیں بند کرنے کا پلان جاری کیا۔

ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ عوام پریشانی سے بچنے کے لیے شارع قائدین سے نمائش کا روٹ نہ لیں، شارع فیصل پر شارع قائدین فلائی اوور سے سوسائٹی جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ترجمان نے بتایا کہ ایم اےجناح روڈ سے سوسائٹی، شارع قائدین جانے، طارق روڈ سے اللّٰہ والی چورنگی اور شارع قائدین جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

Read Comments