ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ کاکہنا ہے کہ قطر میں 8 بھارتی نیوی افسران کی سزا ہمارے لیے حیران کن نہیں، قطر میں بھارتی جاسوسوں کا پکڑا جانا دیگر ممالک میں نیٹ ورک موجودگی کا ثبوت ہے۔ ترجمان نے کہا کہ غیر قانونی مقیم لوگوں کو ملک سے نکالنے کے پلان پر ہرصورت عملدر آمد ہوگا۔
اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں غیرقانونی طورپرمقیم غیرملکیوں کے خلاف امیگریشن منصوبے پرعملدرآمدشروع ہوگیا، پاکستان نےایک ماہ قبل غیرقانونی طورپرمقیم غیرملکیوں کو ملک چھوڑنے کی تنبیہ کی تھی۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ غیر قانونی مقیم لوگوں کو نکالنے کے پلان پر ہرصورت عملدر آمد ہوگا، یہ پلان تمام ممالک کے غیر قانونی تارکین وطن کے لیے ہے، جسے متعلقہ اداروں، محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے، اور یہ ان تارکین وطن پر نافذ نہیں ہوگا، جو پناہ گزیں کا درجہ رکھتے ہیں۔
ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ ری پیٹری ایشن پلان صرف ان تارکین وطن کے لیے ہے جوکہ غیر قانونی طور پر بغیر دستاویز پاکستان میں مقیم ہیں، ایک درجن کے قریب ممالک نے افغانوں کو اپنے ملک میں لے جانے کا بتایا، ان ممالک نے فہرستیں فراہم کر دی ہیں، یہ ممالک ویزا فراہمی مین تیزی لائیں۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ قطر میں بھارتی بحریہ کے افسران کو سزائے موت کی رپورٹس دیکھی ہیں، قطر میں 8 بھارتی نیوی افسران کی سزا ہمارے لیے حیران کن نہیں، پاکستان طویل مدت سے اس بھارتی تخریب کار نیٹ ورک کے حوالے سے بات کر رہا ہے۔
دفترخارجہ نے کہا کہ یہ خطہ بھارتی جاسوسی نیٹ ورک کا ہمیشہ سے شکار رہا ہے، 2016ء میں بھارتی بحریہ کے ایک اعلیٰ افسر کمانڈر یادیو کو پاکستان میں تخریب کاری و جاسوسی میں گرفتار کیا گیا تھا، بھارت کا جاسوسی نیٹ ورک اب دنیا بھر میں پہنچ چکا، قطر میں بھارتی جاسوسوں کا پکڑا جانا دیگر ممالک میں ان کے نیٹ ورک کی موجودگی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کےغیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں، گزشتہ دنوں بھی کشمیریوں کو بھارتی افواج نے شہید اور زخمی کیا، کشمیر پر بھارتی مظالم کئی دہائیوں سے جاری ہیں۔
ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ قابض اسرائیلی افواج مکمل استثنا کے ساتھ فلسطین میں جنگی جرائم کر رہی ہیں، اسرائیل کی جانب سے غزہ پر مظالم ناقابل برداشت ہیں،پاکستان کو غزہ کی صورت حال پر سخت تکلیف ہے، گزشتہ روزسینیٹ اجلاس میں فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کیخلاف قرارداد منظور کی گئی۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان غزہ متاثرین کے لیے مزید امداد بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے، ہم عالمی برادری سے مقبوضہ فلسطین میں قتل عام رکوانے کا مطالبہ کرتے ہیں، اقوام متحدہ کو غزہ کے محاصرے کے خاتمے، بمباری روکنے اور انسانی بنیادوں پر گزر گاہ کھولنے پر زور دینا چاہیے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ روانڈا کی سینیٹ کے صدر پاکستان کے دورے پر ہیں، وہ اس دوران صدر مملکت، وزیر اعظم اور مختلف وزرا سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ 8-9 نومبر کو ازبکستان، تاشقند کا 2 روزہ دورہ کریں گے، جہاں وہ اقتصادی تعاون تنظیم کی کانفرنس میں بھی شریک ہوں گے۔ نگراں وزیراعظم ای سی او کے مستقبل اور باہمی منسلکی کے حوالے سے پاکستان کا ویژن پیش کریں گے۔