نگراں وفاقی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم افراد کے انخلاء کی ڈیڈ لائن ختم ہوجائے گی، کل سے ملک بھر میں آپریشن شروع ہو جائے گا، غیر قانونی مقیم افراد کی پشت پناہی کرنے والے پاکستانیوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔
فیصل آباد میں موٹرسائیکل کمپنی کے یونٹ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء کی ڈیڈ لائن ختم ہو جائے گی، کل سے ملک بھر میں بھرپور آپریشن شروع کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں اتنی بڑی تعداد میں مہاجرین کو پناہ صرف پاکستان نے دی، غیر ملکی ہمارے مہمان، بھرپور عزت کے ساتھ انہیں آبائی ممالک رخصت کریں گے، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء سے ملکی حالات کافی بہتر ہوں گے۔
سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ اب تک 2 لاکھ غیر ملکی رضا کارانہ طور پر واپس لوٹ چکے ہیں، ویزا سمیت دیگر قانونی معاملات مکمل کرکے آنے والے تمام غیر ملکیوں کو خوش آمدید کہیں گے۔
نگراں وفاقی وزیر داخلہ نے نادرا کا ڈیٹا لیک ہونے کو انتہائی افسوسناک اور تشویشناک صورتحال قرار دیا۔
وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ جعلی شناختی کارڈز بنانے میں ملوث نادرا کے افسران و ملازمین کا مکمل احتساب ہوگا۔
دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں، 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن کے تناظر میں صوبہ پنجاب میں غیر قانونی غیر ملکی افراد کے انخلاء کے لیے چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پناہ دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی، غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی مدد کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، پنجاب میں غیر قانونی طور پر رہنے والے کسی بھی غیر ملکی سے نرمی نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی خود چلے جائیں، یکم نومبر سے غیر قانونی غیر ملکیوں کو واپس بھجوانے کے لیے تمام اقدامات کر لیے گئے ہیں۔
افغان پناہ گزینوں کی بیدخلی پر اقوام متحدہ ہائی کمشنر کا بیان پاکستاننے مسترد کردیا
بلوچستان میں ڈیتھ اسکواڈز کالعدم تنظیمیں چلارہی ہیں، نگراںوزیرداخلہ
قانونی طور پر رہنے والے افغانوں کو بلیک میل کیا جا رہا ہے، مولانا فضلالرحمان
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ غیر قانونی غیر ملکی افراد کے لیے مختلف اضلاع میں ہولڈنگ ایریاز اور عارضی کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔