پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں انتخابی نشان کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور بی این پی دھرنے کی حمایت کی گئی۔
کور کمیٹی اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی نے انتخابات سے قبل ملک میں انتخابی ماحول پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
کور کمیٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے “ بلے“ کے انتخابی نشان کے حوالے سے 3 اگست 2023 کے زبانی اعلان کے بعد تحریری فیصلے کے بلا تاخیر اجراء کا مطالبہ کیا۔ کمیٹی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف ملک کی ایک سیاسی قوت ہے جبکہ بلے کا انتخابی نشان عوامی امنگوں کی علامت ہے۔
کور کمیٹی نے کہا کہ تکنیکی وجوہات پر ”بلے“ کے نشان کو بیلٹ پیپر سے ہٹانے یا تحریک انصاف کو اس سے محروم کرنے کی کوشش ووٹ کے حق، انتخاب کی شفافیّت اور جمہوریت کیخلاف سازش ہوگی جسے قوم کسی طور قبول نہیں کرے گی۔
پی ٹی آئی کور کمیٹی نے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کے دھرنے کی مکمل حمایت کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے قائدین اور کارکنان بھی لاپتہ افراد میں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :
الیکشن کی تاریخ دینا نگراں حکومت کا نہیں، الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ ہے، وزیراعظم
اڈیالہ جیل میں شاہ محمود قریشی سے فیملی ممبران کی ملاقات
پی ٹی آئی کور کمیٹی کے مطابق ضمانتوں کی منظوری کے باوجود تحریک انصاف کے کارکنان کو قید میں رکھنے یا مزید جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرنے کا سلسلہ قانون اور نظامِ عدل سے سنگین مذاق ہے۔