معروف مذہبی اسکالر طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل کے بیٹے کی موت پر سوشل میڈیا پر تبصرے جاری ہیں، جس کی وجہ سے لواحقین شدید کرب کا شکار ہیں۔
معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل گزشتہ روز سینے میں گولی لگنے سے انتقال کرگئے تھے۔ ان کی موت کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور پاکستان سمیت دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات جاری کئے گئے۔
دوسری جانب عاصم جمیل کی موت کو خودکشی قرار دیا گیا، جس کی تصدیق خود متوفی کے بڑے بھائی یوسف جمیل نے کی، اور ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ عاصم جمیل کے قتل کی خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے، ان کے خاندان سے کسی سے دشمنی نہیں۔
یوسف جمیل نے بتایا کہ عاصم جمیل بچپن سے شدید ڈپریشن کا شکار تھے اور انہیں علاج کی غرض سے گزشتہ 6 ماہ سے بجلی کے جھٹکے لگائے جارہے تھے، عاصم نے اتوار 29 اکتوبر کی شام گارڈز سے گن چھین کرخود کو شوٹ کرلیا۔
طارق جمیل کے بیٹے کی خودکشی کی خبر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور ہرجانب یہی موضوع زیر بحث ہے۔ جب کہ ایک ٹی وی چینل نے تو عاصم جمیل کی موت کو ہی پروگرام کا موضوع بنا دیا۔
سوشل میڈیا پر طرح طرح کے تبصروں سے تنگ مولانا طارق جمیل کے چاہنے والوں نے عوام سے گزارش کی ہے کہ سوشل میڈیا تبصرے مولانا طارق جمیل کے خاندان کیلئے باعث اذیت بن گئے ہیں، اس لئے ان تبصروں سے گریز کریں۔
مفتی ابو محمد نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر قدرے سخت الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت تو احساس کا نام ہے، لیکن یہ بڑی ظالم قوم ہے، یہ نہیں دیکھتے کہ میرے الفاظ سے ایک دکھی والد اور خاندان کو کتنی اذیت ہو گی۔
مفتی ابو محمد کا کہنا تھا کہ واقع میں مولانا طارق جمیل صاحب کا ایک بیٹا چلا گیا، لیکن سوشل میڈیا پر ہر دوسرے بندے کی تفتیشی پوسٹ سے پورا خاندان کرچی کرچی ہو رہا ہے،یہ سب دیکھ کر بہت دکھ ہوا، کچھ تو اللہ کا خوف کیجئے اور اللہ سے ڈرئیے۔
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے اپنے ایکس اکاونٹ میں مولانا طارق جمیل کے بیٹے کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہت دکھ ہوا، دکھ کی اس گھڑی میں مولانا صاحب کے ساتھ کھڑے ہیں، اللّہ تعالیٰ سوگواران خاندان کوصبر جمیل عطا فرمائے۔