چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کرانے کے لئے تیار ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں اہم اجلاس ہوا جس میں عام انتخابات کے انعقاد کے انتظامات اور پنجاب حکومت کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چاروں صوبوں کے ممبرز اور پنجاب کابینہ نے اجلاس میں شرکت کی، اس دوران سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کا وقت قریب ہے، لہٰذا سب نے مل کر منصفانہ اور شفاف الیکشن کو یقینی بنانا ہے۔
سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ 30 نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا جس کے بعد عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، نگراں پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کے لئے مکمل سپورٹ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:
الیکشن کمیشن نے سندھ میں عام انتخابات کیلئے عملے کی فہرست مانگلی
الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں پر جمع ہونے والے اعتراضات کی تفصیلات جاریکردیں
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت کے اب تک کے اقدامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں، اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے شفاف انعقاد کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا جب کہ ٹیم کمیشن کی گائیڈ لائنز پر عمل کرے گی۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اہم اجلاس سے قبل نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کے لاہور پہنچنے پر وزیر اعلیٰ محسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام نے ائرپورٹ پر ان کا استقبال کیا تھا۔