جامعہ کراچی شبعہ ابلاغ عامہ کی سابق سربراہ اور سینئر صحافی شاہدہ قاضی کراچی میں انتقال کرگئیں۔
پاکستان کی پہلی خاتون رپورٹر،کئی صحافیوں کی استادپروفیسرشاہدہ قاضی انتقال کرگئیں، ان کی عمر 79 سال تھی۔
اہلخانہ کے مطابق پروفیسر شاہدہ قاضی علیل اور سول اسپتال میں زیر علاج تھیں۔
اہلخانہ کا مزید کہنا ہے کہ شاہدہ قاضی کی نماز جنازہ کل بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی، تدفین جامعہ کراچی کے قبرستان میں کی ہوگی۔
پروفیسر شاہدہ قاضی کو پاکستان کی پہلی خاتون رپورٹر اور کئی صحافیوں کی استاد ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
پروفیسر شاہدہ قاضی جامعہ کراچی میں 1963 میں شعبہ صحافت میں داخلہ لینے والی واحد طالبہ تھیں، انہوں نے شعبہ صحافت میں نمایاں کارکردگی پر گولڈ میڈل حاصل کیا۔
شاہدہ قاضی نے ڈان آخبار سے اپنی صحافتی خدمات کا آغاز کیا، پھر 20 سال تک پی ٹی وی سے وابستہ رہیں، پی ٹی وی میں نیوز پروڈیوسر، نیوز ایڈیٹر اور پھر اکیڈمی میں خدمات سرانجام دیں۔
شاہدہ قاضی نے جامعہ کراچی میں استاد کی حیثیت سے طلبہ کو صحافت پڑھائی۔