شوبز انڈسٹری کے سینیئر اداکار، پروڈیوسر و ہدایت کار عثمان پیرزادہ نے اپنی شادی اور اپنی اہلیہ ثمینہ پیرزادہ سے ملاقات کا قصہ سنایا ہے۔
ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئےعثمان پیرزادہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ان کی اہلیہ ثمینہ پیرزادہ نے ملاقات کے تیسرے دن ہی شادی کی پیش کردی تھی اور ان دونوں کے تعلقات کو نصف صدی گزر چکی ہے۔
اہلیہ ثمینہ پیرزادہ کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ثمینہ سے میری پہلی ملاقات راولپنڈی ٹی وی اسٹیشن پر ہوئی تھی، اس ملاقات کے تیسرے دن ہی ثمینہ نے مجھے شادی کے لیے پروپوز کردیا تھا۔
عثمان پیرزادہ نے کہا کہ ثمینہ کی جانب سے شادی کی پیشکش ملنے پر حیران رہ گیا تھا، تاہم کچھ عرصہ تعلقات میں رہنے کے بعد، ہم نے شادی کرلی تھی۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ہماری شادی کو 12 سال گُزر چکے تھے لیکن ہم اولاد کی نعمت سے محروم تھے، پھر اللہ نے ہمیں بیٹی کی رحمت سے نوازا، خوش قسمتی سے کچھ عرصے بعد ہمارے یہاں دوسری اولاد بھی بیٹی ہی ہوئی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ جب ان کے ہاں دونوں بیٹیاں ہوئیں تو لوگوں نے انہیں کہنا شروع کردیا کہ بیٹا بھی ہونا چاہیے، جس پر وہ لوگوں کو کہتے تھے کہ بیٹے کا کیا کرنا ہے؟
واضح رہے کہ ثمینہ اور عثمان پیرزادہ کی پہلی ملاقات 1973 میں ہوئی تھی جبکہ اس جوڑے نے 1975 میں شادی کی تھی۔