Aaj Logo

شائع 25 اکتوبر 2023 07:53pm

نگراں وزیراعظم کی انسداد بجلی چوری مہم تیز کرنے کی ہدایت

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے انسداد بجلی چوری کی مہم کو تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیرصدارت بجلی چوری روکنے کی مہم کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں نگراں وزیراعظم کو مہم کے آغاز سے لے کر اب تک کے بجلی چوری روکنے سے متعلق نتائج کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی اورصوبائی حکومتوں کے اشتراک سے مہم کامیابی سے جاری ہے، مہم میں 19415 بجلی چوروں گرفتار کیا گیا، ستمبر سے بجلی چوری کے خلاف 39836 ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں، بجلی چوری میں ملوث 189 سرکاری افسران کو معطل کیا جا چکا ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا کہ مردان میں انسداد بجلی چوری مہم سب سے زیادہ کامیاب رہی، مردان میں بجلی چوری کی شرح 43 سے کم ہوکر 13 فیصد تک آ چکی ہے، مہم کے دوران اربوں روپے کی وصولیاں کی جا چکی ہیں۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ مہم کے آغاز سے 30 ستمبر تک 14 ارب روپے کی وصولیاں کی جا چکی ہیں جبکہ تعلقہ حکام نے مہم کے دوران پیش آنے والے مسائل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

نگراں وزیراعظم نے مہم کے مثبت نتائج آنے پر وزارت توانائی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں اور متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام کی کارکردگی کو سراہا۔

انوار الحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو آزاد جموں و کشمیر، کوئٹہ اور سندھ میں انسداد بجلی چوری کی کوششوں کو تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

نگراں وزیراعظم نے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے عمل کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انوار الحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو بلوچستان میں بجلی چوری روکنے کی مہم کے خلاف مزاحمت اور دیگر مسائل کے حوالے سے ایک جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ بجلی چوری روکنے کی مہم جیسے اقدامات کے ذریعے آئندہ جمہوری حکومت کے لیے ایک مستحکم نظام تشکیل دیں۔

مزید پڑھیں

پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے فوائد عوام تک پہنچانے کیلئے اقدامات تیزکیے جائیں، وزیراعظم

سیکرٹری پاور ڈویژن نے بجلی چوری کیخلاف کارروائیوں کی تفصیلات جاریکردیں

اجلاس میں نگران وزیراعظم کو بجلی چوری کی وجوہات جاننے کے لیے ملک گیر تجزیے کے نتائج کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

Read Comments