آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی (اے پی این ایس) نے پرنٹ میڈیا سے متعلق نگراں وزیراعظم کے بیان پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اے پی این ایس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پرنٹ میڈیا سے متعلق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے بیان سے شدید مایوسی ہوئی ہے۔ نگراں وزیراعظم نے سرکاری اشتہارات کے نرخ بڑھانے سے متعلق وزارت اطلاعات کی سمری پر گفتگو کی۔
اے پی این ایس کے مطابق نگراں وزیراعظم نے کہا تھا کہ پرنٹ میڈیا کو اپنا بزنس ماڈل بدلنا چاہیے۔ نگراں وزیراعظم نے کہا اخبارات کو سرکاری فنڈنگ کے بجائے اپنا ریونیو اپنے وسائل سے بڑھانا چاہیے۔ لگتا ہے نگراں وزیر اعظم کی پرنٹ میڈیا سے متعلق معلومات درست نہیں۔
تنظیم نے کہا کہ پرنٹ میڈیا حکومت سے کوئی گرانٹ یا سبسڈی نہیں مانگ رہا۔ اخبارات حکومت کے اشتہارات سبسڈائز ریٹ پر شائع کرتے ہیں۔ سرکاری اشتہارات کے نرخ خاصے کم ہیں، بلکہ کمرشل ریٹ کا ایک چوتھائی ہیں۔
اے پی این ایس کے مطابق شہباز شریف نے طویل عرصے سے زیر التواء سرکاری اشتہارات کے نرخ بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔ سابق وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کی سمری وزارت خزانہ میں موجود ہے۔
اخباری تنظیم کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت پر اخبارات کے 2 ارب روپے واجب الادا ہیں۔ اگر نگراں وزیراعظم سمجھتے ہیں اخبارات کا ماڈل درست نہیں تو سبسڈائز نرخ واپس لے لیتے ہیں۔