پاکستان فلمی دنیا کی معروف اداکارہ ریما خان نے کم عمری میں اپنے کیریئر میں مقبول ہونے کی وجوہات سے پردہ اٹھا دیا۔
اداکارہ نے حال ہی میں ایک کامیڈی شو میں بطورِ مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی سے متعلق اپنے مشکل لمحات کی یاد تازہ کی۔
اداکارہ نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کے بعد کا تجربہ شئیر کرتے ہوئے کہا کہ ’15 سال کی عمر میں شوبز میں قدم رکھنے کے بعد سے ہی میں نے اپنے ہر دن کو ایسے ہی سمجھا کہ ابھی میری شروعات ہوئی ہے، میری پہلی فلم ہی کافی مقبول ہوگئی تھی‘۔
اداکارہ نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’اسٹار تو بن گئی لیکن سُپراسٹار بننے کیلئے دن رات محنت کرنا پڑی، میں نے کبھی اپنی مقبولیت کو ذہن پر سوار نہیں کیا‘۔
ساتھی اداکاراؤں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں کبھی کسی کے کام سے حسد میں مبتلا نہیں ہوئی، مجھے اپنے سے کوئی کمتر نظرآیا تو میں نے کبھی غرور نہیں کیا‘۔
میزبان کی جانب سے ان کی اب تک کی سب سے بڑی کامیابی کے سوال پر اداکارہ نے کہا کہ ’میری سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ میں نے ہمیشہ اپنی ذات کا محاسبہ کیا۔ میں دوسرے کی طرف انگلی نہیں اٹھاتی، کیونکہ مجھے لگتا تھا کہ تین انگلیاں میری جانب ہیں‘۔
ریما خان کا شمار پاکستان کے اب تک کے سب سے بڑے ستاروں میں ہوتا ہے، انہوں نے تقریباً 3 دہائیوں تک پاکستان فلم اندسٹری پر راج کیا ہے۔