کوئٹہ مشرقی بائی پاس پر پولیس اور رہزنوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق منگل کی شب مشرقی بائی پاس پر پولیس کے ایگل اسکواڈ کے جوان موٹرسائیکل پر گشت کررہے تھے کہ اس دوران دو موٹر سائیکلوں پر سوار تین مبینہ راہزنوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔
پولیس کے جوانوں نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی اور فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں دو راہزن ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لیکر لاشوں اور زخمی کو اسپتال منتقل کیا جبکہ پولیس نے راہزنوں کا اسلحہ اور موٹر سائیکل قبضہ میں لے لی۔
پولیس نے بتایا کہ مارے جانے والے ملزمان ڈکیتی ، موٹر سائیکل اور موبائل چھیننے کی کئی وارداتوں میں ملوث تھے۔
یہ بھی پڑھیں :
قطر سے آئے تین دوستوں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، ایک جاں بحق
کراچی: گاڑیاں چوری اور چھیننے کی وارداتوں میں کباڑی ملوث ہونے کا انکشاف
کوئٹہ: افغان تارکین وطن کا ملک چھوڑنے سے انکار، ’جینا مرنا پاکستان میں ہے واپس نہیں جائیں گے‘
پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی جبکہ لاشیں مردہ خانے میں رکھ دیں اور زخمی کو علاج معالجے کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔