سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے استقبال کیلئے اس لئے نہیں گیا کیونکہ میں پارٹی کا سینئر لیڈر نہیں ہوں، آنے والی حکومت سے مطالبہ ہے نیب کو ختم کریں۔
کراچی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نیب نے ملک کو مفلوج کردیا ہے، پانچواں سال ہے ہم یہاں آتے ہیں اور کچھ نہیں ہوتا، عدالتوں میں کیمرے لگائیں اورعوام کو دکھائیں ہمارے ساتھ کیا ہو رہا ہے، لوگ 10،10سال سے انصاف کیلئے یہاں آرہے ہیں۔
شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نے5 ترامیم کیں، نیب کو ختم کرنے کی ایک ترمیم ہونی چاہئے، سابق چیف جسٹس نے ایک بینچ بنایا، اور پارلیمان کے بنائے گئے قانون کو ختم کردیا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم ہمیشہ کہتے ہیں کیسز کو چلائیں اور بتائیں کہ ہم سے کیا غلطی ہوئی، ہم پر کیس کیا ہے، انصاف کا تقاضہ کہاں گیا اور انصاف کہاں گیا، ان کیسوں کو چلائیں،عوام کو دکھائیں کون سی کرپشن ہوئی ہے۔
شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ موجودہ افسران پچھلوں کو دیکھتے ہیں تو کام کرنے کو تیار نہیں ہوتے، نیب جیسا ادارہ موجود ہے، جس کا کام سیاستدانوں کو توڑنا اور جوڑنا ہے، اعلیٰ عہدوں پر رہنے والوں کو انصاف نہ ملے توعام آدمی کو کیسے ملےگا، میرا آنے والی حکومت سے بھی مطالبہ ہے نیب کو ختم کریں۔
شاہد خاقان نے کہا کہ نوازشریف کے استقبال کیلئے اس لئے نہیں گیا کیونکہ میں پارٹی کا سینئر لیڈر نہیں ہوں۔
اس سے قبل احتساب عدالت میں پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے شریک ملزم ارشدمرزا کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس کی سماعت بغیر کسی کارروائی7 نومبر تک ملتوی کردی۔