Aaj Logo

شائع 23 اکتوبر 2023 06:11pm

فلسطین کی حالیہ صورتحال پر ہالی ووڈ سمیت دنیا بھر کے اداکار برہم، امریکی صدر کو خط

اسرائیل اور فلسطین کی حالیہ جنگ میں ہوئی ہزاروں اموات کے بعد بھی جنگ رکنے کے اسباب نظر نہیں آرہے، امریکی صدر جوبائیڈن کے دورہ اسرائیل کے بعد بھی ایسا کوئی قابل عمل بیان سامنے نہیں آیا۔

اسرائیل اور حماس کی جنگ بندی کے حوالے سے ہالی ووڈ انڈسٹری کے سینکڑوں اداکاروں اور اداکاراؤں کے علاوہ مشہور شخصیات نے جوبائیڈن کو خط لکھا ہے۔

مینڈی پٹنکن اور ایلانا گلیزر سمیت درجنوں افراد غزہ میں ’مہلک‘ صورت حال پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔ 750 مصنفین اور فنکاروں کے دستخط پر مشتمل علیحدہ خط میں غزہ کے باشندوں کے خلاف ’بڑھتے ہوئے تشدد‘ کی مذمت کی گئی ہے۔

کیٹ بلانچیٹ، فلورنس پگ ، ریمی یوسف، مہر شالا علی اور رز احمد سمیت ہالی ووڈ کی 50 سے زائد مشہور شخصیات نے جمعے کو امریکی صدر جو بائیڈن کو ایک خط لکھا ہے جس میں ان پر زور دیا گیا ہے کہ ’وہ حماس اور اسرائیل کی جنگ میں جنگ بندی کا مطالبہ کریں۔‘

تفریحی دنیا سے تعلق رکھنے والے درجنوں سرکردہ شخصیات بشمول یہودی شخصیات مینڈی پیٹنکن، ایلانا گلیزر اور اینڈریو گارفیلڈ نے بائیڈن پر زور دیا کہ’ وہ غزہ اور اسرائیل میں فوری طور پر کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کے لیے کوشش کریں۔’

مزید پڑھیں

فلسطینیوں کی حمایت پر جیجی حدید کو قتل کی دھمکیاں ملنے لگیں

فلسطین کی حمایت پرڈچ فٹ بالر کو فارغ کردیا گیا

امریکی صحافی نے اسرائیل کی حمایت پر معافی مانگ لی

خط میں کہا گیا کہ ہم آپ کی انتظامیہ اور تمام عالمی رہنماؤں پر زور دیتے ہیں کہ وہ مقدس سرزمین میں تمام جانوں کا احترام کریں اور بغیر کسی تاخیر کے جنگ بندی کا مطالبہ کریں جس میں غزہ پر بمباری کا خاتمہ اور یرغمالیوں کی بحفاظت رہائی شامل ہے۔

حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اس حملے میں چار ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔

ان مایہ ناز فنکاروں کی جانب سے لکھے اس خط میں برطانوی حکومت پر الزام لگایا گیا تھا کہ نہ صرف جنگی جرائم کو برداشت کیا گیا ہے بلکہ ان کی مدد اور حوصلہ افزائی بھی کی جا رہی ہے۔

Read Comments