انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق ڈپٹی اسپیکر محمود جان کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کردی، جس کے بعد انہیں کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔
پشاور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں قتل کے مقدمے میں نامزد پی ٹی آئی کے سابق ڈپٹی اسپیکر محمود جان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ اے ٹی سی جج جہانزیب شینواری نے سماعت کی۔
تفتیشی افسر نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ محمود جان سمیت دیگر تین ملزمان پر قتل کا الزام ہے، ملزم پر جائیداد کے تنازعے پر ایک شخص کو قتل ایک شہری کو زخمی کیا، ملزم کے خلاف تھانہ ریگی میں قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج ہے۔
عدالت نے محمود جان کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کردی، جس پر پولیس نے سابق ڈپٹی اسپیکر کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا۔
پولیس حکام نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ محمود جان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عبوری ضمانت کی درخواست دی تھی، درخواست خارج ہونے پر انہیں کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔