بھارتی کرکٹ ٹیم ورلڈکپ میں مسلسل پانچویں کامیابی کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر نمبر ون پوزیشن پر آگئی۔
ورلڈکپ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی، ویرات کوہلی نے فاتحانہ اننگ کھیلتے ہوئے 95 رنز بنائے۔ کیویز کا 274 رنز کا ہدف ٹیم انڈیا نے 2 اوورز قبل ہی حاصل کیا۔ بھارت کی بیٹنگ کے دوران میچ کو خراب موسم کی وجہ سے کچھ دیر کیلئے روکا بھی گیا تھا۔
بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان معرکہ دھرمشالہ میں ہماچل پردیش کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوا۔
بھارت نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 273 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں بھارت نے 48 اوورز میں 274 رنز کا ہدف ویرات کوہلی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت حاصل کرلیا۔
ویرات کوہلی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 95 رنز بنائے، اس اننگ میں انھوں نے 2 چھکے اور 8 چوکے لگائے۔
بھارتی کپتان روہیت شرما 46 ، شریاس ایئر 33 اور روندرا جڈیجہ 39 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کو 273 رنز تک پہنچانے میں ڈیرل مچل نے اہم کردار ادا کیا۔ کیوی بلے باز ڈیرل مچل نے شاندار سنچری بناتے ہوئے 130 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی۔ انھوں نے بھارتی بولرز کو 5 چھکے اور 9 چوکے لگائے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے رچن روندرا 75 رنز بناکر نمایاں رہے ان کی اننگ میں ایک چھکا اور 6 چوکے شامل تھے۔
بھارت کی طرف سے محمد شامی سب سے کامیاب بولر رہے انھوں نے 5 کیویز کا شکار کیا اور پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔
محمد شامی کے علاوہ کلدیب یادیو نے 2، محمد سراج اور جسپریت بمرا نے ایک ایک شکار کیا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم ورلڈکپ میں مسلسل پانچویں کامیابی کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر نمبر ون پوزیشن پر آگئی۔ نیوزی لینڈ کا دوسرا، جنوبی افریقا کا تیسرا اور آسٹریلیا کا چوتھا نمبر ہے۔ قومی ٹیم پاکستان 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
یاد رہے کہ گروپ اسٹیج کے اختتام پر ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنلز کیلئے کوالیفائی کریں گی۔