نوازشریف کی 4 سال بعد گھر واپسی پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، ان کی ہمشیرہ سمیت شریف خاندان کے تمام افراد نے ان کا استقبال کیا۔
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف 4 سال بعد گزشتہ روز وطن واپس آئے تھے، تاہم وہ اسلام آباد سے جلسہ گاہ گئے اور وہاں خطاب کے بعد رات دیر سے اپنے گھر پہنچے۔
نواز شریف کی چار سال بعد اپنے گھر واپسی تمام اہلخانہ کیلئے عید کا سماں بن گئی، ان کی ہمشیرہ سمیت شریف خاندان کے تمام افراد نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے۔
نواز شریف نے صبح کے وقت جاتی امراء میں شریف خاندان کے ہمراہ ناشتہ کیا، ناشتے کے مینو میں حلوہ پوری، سری پائے اور لسی گرین ٹی شامل تھی۔
قائد مسلم لیگ ن سے اسحاق ڈار نے بھی اہم ملاقات کی، اور ذرائع کے مطابق نواز شریف سے شہباز شریف کی ملاقات بھی شیڈول ہے، جس میں معاشی پالیسی ترتیب دینے پر بات چیت ہو گی۔
تاہم دوسری جانب اے این پی کے رہنما غلام احمد بلور جاتی امرا پہنچے تو انہیں نواز شریف سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔
اجازت نہ ملنے پر وضاحت پیش کرتے ہوئے غلام احمد بلور نے میڈیا کو بتایا کہ میں بغیر اطلاع جاتی امرا آیا تھا، نواز شریف کا جلسہ بہت بڑا تھا میں خود بھی ٹریفک میں پھنسا رہا۔
غلام بلور کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے 1992 میں بھی ملک کو معاشی عدم استحکام سے نکالا، امید ہے اب بھی ملک کے لیے کچھ اچھا کریں گے۔