بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان ”تیج“ طاقتور سمندری طوفان میں تبدیل ہو گیا ہے،اور محکمہ موسمیات کے سائیکلون وارننگ سینٹر نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے بحیرہ عرب کےجنوب مغرب میں سمندری طوفان کےحوالے سے چوتھا الرٹ جاری کردیا گیا ہے، اور بتایا گیا ہے کہ طوفان مزید درجہ شدت بڑھنے کے بعد سی وئیر سائیکلونک اسٹروم میں تبدیل ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کے مرکز میں 100سے 110 کلو میٹر رفتار کی ہوائیں چل رہی ہیں، اور ہواوں کی رفتار120کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوزکر رہی ہے، جب کہ طوفان کےگردلہریں 25 فٹ تک بلند ہو رہی ہے، طوفان کے کل تک مزید شدت اختیار کرکے شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان ہے، اور کل تک شدت کے بعد سائیکلونک اسٹروم میں بدل سکتا ہے۔
سمندری طوفان کا رخ شمال مغربی سمت عمان اور یمن کی جانب ہے اور طوفان تیج کا فاصلہ صلالہ عمان کے جنوب مشرق میں 750 کلو میٹر رہ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے جاری کردہ الرٹ کےمطابق سمندری طوفان ”تیج“ شمال مغرب میں عمان اور یمن کی جانب بڑھے گا، کراچی کے جنوب مغرب میں 1880 کلو میٹر کے فاصلے پر موجود ہے، جب کہ گوادر سے 1670 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے، پاکستان کی ساحلی پٹی کو تاحال طوفان سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔