وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ملتان کا اچانک دورہ کیا اور اسموگ کے تدارک کے اقدامات نہ کرنیوالے اینٹوں کے بھٹہ مالکان کیخلاف کارروائی اور نشتر اسپتال ٹو پراجیکٹ 31 دسمبر تک مکمل کرنے کا حکم دیا۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نشتر اسپتال ٹو میں آوٹ ڈور، زیرتعمیر ایمرجنسی، ریڈیا لوجی، آپریشن تھیٹرز اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔
محسن نقوی نے تعمیراتی اور دیگر امور کو جلد مکمل اور نشتر ٹو کو فنکشنل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نشتر ٹو اسپتال ملتان اور گرد و نواح کے عوام کی اشد ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ نشتر ٹو کی تکمیل سے نشتر اسپتال پر مریضوں کا بوجھ کم ہوگا۔ اسپتال میں 300 کی گنجائش کے باوجود 900 بچوں کا علاج ہونا قابل تعریف ہے۔
دوران سفر محسن نقوی شجاع آباد روڈ پر بھٹہ خشت سے نکلتا کالا دھواں دیکھ کر رُکے اور خود اینٹوں کے بھٹے پر پہنچ گئے۔ وزیر اعلیٰ نے اسموگ کے سدباب کے اقدامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے ڈی سی ملتان کو فوری طور پر طلب کرکے اینٹی اسموگ اقدامات کے تحت بھٹہ مالکان کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی اور حکم دیا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے تمام بھٹے سیل کردئیے جائیں۔
ذرائع کے مطابق ملتان کے بعد نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی ہنگامی دورے پر راولپنڈی پہنچ گئے، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب رنگ روڈ منصوبے پر ہونے والے انتظامات کا جائزہ لیں گے، کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ منصوبے پر وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیں گے۔
وزیراعلی پنجاب ، کمشنر راولپنڈی کے دفتر میں اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں راولپنڈی میں ہونے والے دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی۔