Aaj Logo

شائع 19 اکتوبر 2023 02:20pm

سعودی عرب کی شکایت پر 12ہزار سے زائد جعلی پاکستانی پاسپورٹس کے اجراء کی تحقیقات کا آغاز

وزارت داخلہ کی جانب سے قائم کی جانے والی انکوائری کمیٹی نے پاکستان کے 12 ہزار96 مبینہ جعلی پاسپورٹس کے اجراء کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

پاکستان کی وزارت داخلہ کی جانب سے تحقیقات کا آغاز سعودی حکومت کی شکایت پرکیا گیا۔

جعلی پاکستانی پاسپورٹ پاسپورٹ پرسعودی عرب جانے والوں کی فہرستیں تحقیقاتی کمیٹی کوموصول ہوگئی ہیں، کمیٹی نادراسے افغان مہاجرین کا ڈیٹاحاصل کرکے اسکروٹنی کرے گی۔

بتایاگیا ہے کہ سعودی عرب کا سفرکرنے والے افغان شہریوں کو پاکستان کے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ پر پاسپورٹ جاری کیے گئے۔

افغان شہریوں نے پاکستانی پاسپورٹ سعودی عرب میں سفارتخانے ریاض کو دے دیے ہیں۔پاسپورٹ اینڈ امیگریشن حکام کمیٹی پاسپورٹ کے اجراء میں کوتاہیوں کا پتہ لگائے گی۔

اس حوالے سے کمیٹی ان پاسپورٹ پرروانگی کی سہولت کے لیے مختلف اداروں کی ملی بھگت کا تعین بھی کرے گی۔ پاکستان سے سعودی عرب تک نادرا، پاسپورٹ اورایف آئی اے کے مختلف افسران کی ذمہ داری کا تعین بھی کیا جائے گا۔

تحققیقاتی کمیٹی 15 دن کے اندر اپنے نتائج اور سفارشات سیکرٹری داخلہ کو پیش کرے گی۔

سعودی عرب کی جانب سے شکایت کے بعد امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے نئے اور تجدید شدہ پاسپورٹ کے اجراء کیلئے جانچ پڑتال میں اضافہ کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جعلی پاسپورٹ بنانے والے گروہ کا مرکزی ملزم لاہورجبکہ معاملے میں ملوث پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ اسلام آباد کا ایک حاضرسروس اورایک ریٹائرڈ ملازم گرفتار کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے پاکستان میں غیرقانونی طور پرمقیم غیرملکیوں کو ملک چھوڑنے کے لیے 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی جاچکی ہے۔

Read Comments