تُرک سیریز ارطغرل غازی میں عبدالرحمٰن غازی کا کردار ادا کرنے والے مشہور ترک اداکارجلال آل نے غزہ کے اسپتال پر ہونے والے حملے پرشدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ترک اداکارجلال نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پرغزہ کے اسپتال کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ, ’اسرائیل! بس بہت ہوگیا‘’۔
انہوں نے لکھا کہ دوسری جنگ عظیم کی تاریخ میں ایک بے مثال نسل کشی ہوئی ہے، ہزاروں بےگناہ لوگوں، عورتوں اور بچوں کو شہید کیا گیا۔
جلال آل نے لکھا کہ دنیا خاموش ہے، جنیوا کنونشن کہاں ہے؟ خواتین کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والے کہاں ہیں؟ کہاں ہیں اقوام متحدہ؟ کہاں ہیں انسانیت کے محافظ؟
ترک اداکار جلال نے مسلم امہ سے سوال کیا کہ تم کہاں ہو دنیا کی امیر ترین اسلامی ریاستیں؟ اس نسل کشی کو روکنے کا کب کہو گے؟ کیا تم اس قوم سے ڈرتے ہو جس پر قرآن میں لعنت ہے؟
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے 17 اکتوبر کی شب غزہ پر بمباری کرتے ہوئے اسپتال کو نشانہ بنایا تھا، جس میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد 500 سے زائد ہے۔