Aaj Logo

اپ ڈیٹ 18 اکتوبر 2023 04:24pm

پاکستان غزہ میں مسلسل محاصرے اور حملوں کی مذمت کرتا ہے، نگراں وزیرخارجہ

نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ پاکستان غزہ میں مسلسل محاصرےاورحملوں کی مذمت کرتا ہے، بچوں، خواتین اور طبی عملے کو نشانہ بناناعالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹویٹر) پر اپنی ٹویٹ میں نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا غزہ میں اسپتال پر حملہ دفاعی عمل نہیں تھا، بے گناہ بچوں، بے گھر خواتین اور طبی عملے کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بے گناہ فلسطینیوں کیخلاف تشدد اور اجتماعی سزا کا یہ سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے، فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے جبری انخلاء منسوخ کیا جائے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان غزہ میں مسلسل محاصرے اور حملوں کی مذمت کرتا ہے، ہمیں انسانی مصائب کو مزید جاری نہیں رہنے دینا چاہئے، ہمارا مطالبہ ہے کہ فوری جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے انسانی امداد کو بغیر رکاوٹ غزہ تک پہنچنے کی اجازت دی جائے۔

دوسری جانب نگراں وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب سے ملاقات بھی کی ہے، جس میں فلسطینی عوام پر اسرائیلی بربریت کے خاتمے پر مشاورت کی گئی۔

جدہ میں او آئی سی وزارتی اجلاس کی سائیڈ لائن پر ہوئی ملاقات میں مسئلہ فلسطین کے مستقل حل کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کی۔

Read Comments