الیکشن کمیشن نے سندھ میں عام انتخابات کیلئے عملے کی فہرست مانگ لی ہے اور کہا ہے کہ صوبے کے 19 ہزار 236 پولنگ اسٹیشنز کے لیے 2 لاکھ 38317 سرکاری ملازمین کی خدمات درکار ہوں گی۔
سندھ سیکریٹریٹ میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کا حکومت سندھ کے ساتھ اجلاس ہوا، جس میں الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کرانے کیلئے عملے کی فہرست مانگ لی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 83 لاکھ سے زائد ہے، صوبے میں قومی اسمبلی کی61 اور صوبائی اسمبلی کی 130 نشستوں پر انتخابات ہوں گے، جس کے لئے 19 ہزار 236 پولنگ اسيشنز بنائے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ سندھ بھر میں 4430 انتہائی حساس اور 8080 حساس پولنگ اسٹيشن ہوں گے، تمام پولنگ اسٹیشنز کی سیکیورٹی کیلئے 2 لاکھ 5388 اہلکار درکار ہوں گے، جب کہ پولنگ اسٹیشن کے لیے 2 لاکھ 38317 سرکاری ملازمین کی خدمات درکار ہوں گی۔
مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن کا جنوری 2024 میں عام انتخابات کرانے کا اعلان، صوبوں کو تیاری کی ہدایت
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ بیلٹ باکس اور دیگر سامان خرید کیا جا چکا ہے، پرنٹنگ کارپوریشن پریس سے 3 لاکھ 38 ہزار پوسٹل بیلٹ چھپوائے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ بھر میں ایک کروڑ 22 لاکھ 68 ہزار 878 خواتین ووٹرز ہیں، جن کیلئے 4396 پولنگ اسٹیشنز قائم ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صوبے میں 14 ہزار 959 سرکاری عمارتیں درکار ہوں گی، اور عام انتخابات میں سندھ میں 30 ڈی آر اوز،191 آر اوز،382اسسٹنٹ آراوز ہوں گے۔